• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ انٹری ٹیسٹ

Entry Test For The First Time In Medical Universities And Colleges In Sindh

سندھ بھر میں پہلی بار سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے بیک وقت انٹری ٹیسٹ ہورہے ہیں، کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں انٹری ٹیسٹ کے دوران رش کے باعث یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

سندھ کے 5 مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں آج مختلف میڈیکل یونیورسٹیز اور ڈینٹل کالجز کے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں۔

کراچی میں ڈاؤ میڈیکل، جناح میڈیکل، لیاری میڈیکل کالج، کے ایم ڈی سی اور ڈاکٹر عشرت العباد ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیسٹ لئے جارہے ہیں۔

ایم بی بی ایس کے لیےایک ہزار50 اور بی ڈی ایس کی 300 نشستوں کے لئے 6 ہزار سے زائد طلبا و طالبات ٹیسٹ دے رہے ہیں۔

لاڑکانہ میں چانڈکا میڈیکل کالج اور آصفہ ڈینٹل کالج کا انٹری ٹیسٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں لیا جارہا ہے، چانڈکا کالج کی 200 اور آصفہ ڈینٹل کالج کی 50 نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 4 ہزار 700 طلبا و طالبات ٹیسٹ دے رہے ہیں۔

نواب شاہ میں پیپلزمیڈیکل یونیورسٹی برائے خواتین میں 250 نشستوں کے لئے 1100 امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں جب کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اعظم یوسفانی کا کہنا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج آج شام ویب سائٹ پر جاری کردیے جائیں گے۔

سکھر میں 5 مختلف میڈیکل کالجز کے لئے این ٹی ایس کے تحت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد پبلک اسکول میں کیا گیا ہے جس میں 3 ہزار 200 سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں جب کہ ٹیسٹ میں سکھر، خیرپور، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور دیگر اضلاع کے طلبا شریک ہیں۔

تازہ ترین