• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:فورسز کی کارروائی، انصار الشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

Karachi Action Of Forces 8 Terrorists Including Amir Of Ansar Al Shariah Were Killed

کراچی کے علاقے بلدیہ میں رینجرز اورمحکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم انصارالشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق کالعدم انصارالشریعہ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے گزشتہ رات 11 بجے مشترکہ کارروائی کی۔

اس دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی ، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ زخمی دہشت گردوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں شہریار عرف ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی بھی شامل ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کا امیر اور دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ایک اور ہلاک دہشت گرد کی شناخت ارسلان بیگ کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جن سے متعلق تفصیلات رینجرز کی پریس بریفنگ میں دی جائے گی۔

تازہ ترین