• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس : علائوالدین خانزادہ کی کتاب’محبتوں کا سفر‘ کی تقریب پذیرائی

Book Launching Ceremony Held In Dallas

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میںمعروف صحافی، شاعر اور کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹری علائوالدین خانزادہ کی کتاب’’محبتوں کا سفر‘‘ کی تقریب پذیرائی منعقد کی گئی ،اس موقع پر مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب پذیرائی میں ہمدم خانزادہ کوجوادب کی دنیا میں اے ایچ خانزادہ کے نام سے جانے جاتےہیں کو محبتوں کا سفیر قرار دیا گیا۔

منعقدہ مشاعرے میں اہل ذوق و اردو ادب رات گئے تک شاعری سے محظوظ ہوتے رہے ،علاالدین خانزادہ نے بھی سنجیدہ اورمزاح سے بھرپور شاعری کے ذریعہ بھرپور رنگ جمایا اور سامعین نے بھی بھرپور توجہ کے ساتھ سنا اور داد تحسین دی۔

مشاعرے کی صدارت امریکا کے معروف طنز و مزاح کے شاعر خالد عرفان نے کی، مشاعرے کے مہمان خصوصی ہیلتھ کئیر بزنس ٹائیکون ڈاکٹر حسن ہاشمی ، اور امریکا کی پہلی مسلمان خاتون سابق مئیر ویزلی چیپل فلوریڈا محترمہ سلمہٰ ہاشمی تھیں۔

نظامت ممتاز شاعر نور امرہوی نے سرانجام دیں، مشاعرے کے میزبان اور جاگو ٹائمز کے نائب صدر امیر مکھانی نے کی مشاعرے میںپاکستان کے ضلع ٹنڈوالہیار سے ضلع کونسل کے رکن وڈیرہ آفتاب جونیجو اورصحافی راجہ زاہد اختر خانزادہ نے شعرا اور مہمان خصوصی کو اجرکوں کے تحائف پیش کئے۔

ڈیلس کے جن مقامی شعرا اور شاعرات نے اپنا کلام پیش کیا اس میں سید یونس اعجاز، سید اقبال حیدر ، ڈاکٹر عامر سلیمان ، نور امرہوی ، سعید قریشی، ناہید شاد، عمرعابدی، مسعود قاضی، غزالہ حبیب، اور نورین رضا، شامل تھے۔

قبل ازیں تقریب کا تعارف کراتے ہوے النور انٹرنیشنل امریکا کے بانی نور امرہوی نے کہا کہاے ایچ خانزادہ صاحب صحافی تو ہیں ہی لیکن شاعری کے فن میں بھی اللہ تعالی نے انہیں مالا مال کیا ہے،جب وہ اللہ کے حضور حمد بیان کرتے ہیں اور سرکار دو جہاں کی نعت کہتے ہیں تو دل وجدانی کیفیت میں چلا جاتا ہے جب سنجیدہ اور طنز و مزاح میں آتے ہیں تو وہاں بھی وہ بھرپور نقشہ کھنچ کر اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہیں ۔

ڈیلس میں مقیم معروف شاعر ادیب نقاد اور پاکستان ٹیلی ویژن سے تعلق کا معتبر حوالہ رکھنے والے شاعر اور ادیب سید اقبال حیدر نے علاؤالدین ہمدم خانزادہ کی کتاب،شاعری،اسلاب انداز پر بہت خوبصورت تعارفی مضمون پڑھا۔

اقبال حیدر نے خانزادہ کی حمد و نعت،سنجیدہ اور فراحید شاعری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ حق بات کرتے ہیں انکا کہنا تھا کہ خانزادہ صاحب چونکہ صحافی ہیں وہ جب حمد و نعت کہتے ہیں تو دل میں عقیدہ ترل کے ترانے بجتے ہیں۔

محبتوں کے سفر میں علا الدین ہمدم خانزادہ ہمیں تنہا دکھائی نہیں دیتے بلکہ اپنے گردو پیش میں ہونے والے تمام واقعات اور ان سے متاثر ہونے والے تمام افراد کو ساتھ لے کر چلتے دکھائی دیتے ہیں۔اپنے ماحول میں موجود اچھائیوں اور برائیوں کا تزکرہ
اس خلوص سے کرتے ہیں کہ محبتوں کا سفر ایک ایک فرد سے سرگوشی کرتا نظر آتا ہے۔

سید اقبال حیدر کاعلاؤالدین خانزادہ کی شاعری اور انکی کتاب محبتوں کا سفر پر مزید کہنا تھا کہ خانزادہ کی شاعری میں پاکستان کے سیاسی، سماجی، معاشی ، انتشار زدہ اور افراتفری سے بھرپور حالات ، واقعات ،کا ذکر ہے ،انہوں نے اپنی شاعری میں ماحول اور معاشرے کی تبدیلیوں کو اپنی گفتار کے ذریعہ موثر اور دلکش بنانے کے لئے تشبیہ و استعاروں کا بڑے سلیقے سے استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خانزادہ نے اپنی زندگی بھر کے تجربات و تاثرات کو پوری صداقت اور فنی خلوص سے ان تشبیہات و استعارات کی صورت میں پیش کرکے اپنی شاعری کو مزید پر اثر بنادیا ہے جس کو سن کر سامعین میں کسی بناوٹ کا احساس تک نہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ انکا کلام سامع کے دل میں فوری جگہ پیدا کر لیتا ہے۔

تقریب پذیرائی میں ڈیلس میں موجود اہل ذوق خواتین و حضرات کی بڑی تعداد شریک ہوئی،مہمان خصوصی محترمہ سلمیٰ ہاشمی ،ڈاکٹر حسن ہاشمی اور صدر تقریب محترم خالد عرفان کو علاؤالدین خانزادہ نے اپنی کتاب محبتوں کا سفر پیش کی ۔

تازہ ترین