• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیس، شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد، گرفتاری کا حکم

Sharjeel Memons Petition Rejected The Bailin Corruption Case Ordered Arrest

سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں 5ارب روپے سے زائد کی کرپشن کیس میں شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا۔

شرجیل میمن نے اپنے اوپر عائد الزامات مسترد کردیئےجبکہ ان کے وکیل نے سپریم کورٹ میں اپیل کرنے تک نیب کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست جمع کر ادی۔

اس موقع پر رینجرز اور پولیس گرفتاری کے لئے عدالت کے باہر موجود تھی تاہم شرجیل میمن عدالت سے باہر نہیں آئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے شرجیل میمن سمیت دیگر 13 ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کی۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر یاسر صدیق مغل نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت کی توثیق کی مخالفت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل انعام میمن سمیت 13 ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کی درخواست مسترد کردی۔

درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد شرجیل میمن کمرہ عدالت سے باہر آئے اور کچھ دیر بعد وکلا شرجیل میمن کو حصار میں لے کر واپس چیف جسٹس کے کورٹ روم لے گئے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں۔

دوسری جانب شرجیل میمن نے وکیل شہاب سرکی کے توسط سے ایک اور درخواست عدالت میں جمع کرادی جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپیل کرنے تک نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ میں بھاگنے والا نہیں اور عدالت میں موجود ہوں، وکلا سے مشاورت جاری ہے، ہر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

تازہ ترین