• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرانی اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو دگنا ٹیکس دینا ہوگا

Old And Polluting Vehicles Will Have To Pay Double Tax

پرانی اورآلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو دگنا ٹیکس دینے کا قانون نافذکردیا گیا ہے، عملدرآمد شروع ہوگیا۔

لندن کے میئر صادق خان کے تجویز کردہ 10 پونڈ ٹی چارجز سے 2006سے قبل رجسٹرڈ کرائی گئی ڈیزل اور پیٹرول گاڑیاں زد میں آئیں گی۔

ا س قانون کااطلاق بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کے موجودہ چارج زون پر ہوگا، اور گاڑی مالکان کو 21.50پونڈ ادا کرناپڑیں گے، اس قانون کے مخالفین اور نقادوں کاکہناہےکہ اس قانون سے لندن کے غریب ترین گاڑی مالکان زیر بار ہوں گے۔

اس قانون کا نفاذ لندن میں ہوا کا معیار بہتر بنانے اور شہر کو آلودگی سے پاک کرنے کی جانب ایک قدم قرار دیاجارہا ہے۔

میئر کے دفتر سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق اس قانون سے ہر ماہ کم وبیش 34ہزار گاڑی مالکان زد میں آئیں گے، اس حوالے سے باتیں کرتے ہوئے میئر صادق خان نے کہا کہ ہوا میں آلودگی کی وجہ سے ہمیں لندن میں علاج معالجے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھاا ور اس کی وجہ سے لوگوں کی صحت خراب ہورہی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ہوا میں آلودگی زیادہ ہونے کی وجہ سے لندن میں ہرسال 9ہزار سے زیادہ افراد قبل از وقت موت کا شکار ہورہے تھے۔انھوں نےمزید کہا کہ آلودگی کی وجہ سے شہر کے بچے جن کے پھیپھڑے کمزور ہوتے ہیں اور بالغ دمہ، ڈیمنشیا اورفالج جیسے مہلک امراض کاشکار ہورہے تھے۔

صاف ہوا کے حوالے سے مہم چلانے والے سائمن برکیٹ کا کہناہے ہے کہ پرانی اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس عاید کئے جانے سے شہر کی ہوا میں موجود آلودگی میں کمی کرنے میں کوئی خاص مدد ملنے کاامکان نہیں ہے۔

میئر نے اپنے منشور میں شہر کی ہواکا معیار قانونی طورپر محفوظ سطح پر بحال کرنے کاوعدہ کیاتھا اور انھیں اپنا یہ وعدہ پورا کرنے کے لیے ابھی اور بھی بہت کچھ کرنا ہوگا۔

تازہ ترین