• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنوں میں 47کروڑ کی منشیات سپلائی کی گئی: عائشہ گلالئی

Drugs Supplied During Dharna Ayesha Gulalai

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر بد کرداری کے الزامات لگانے والی عائشہ گلالئی نے عمران خان نیازی پر نئے الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2014ء کے دھرنوں میں 47کروڑ روپے کی منشیات سپلائی کی گئی۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ منشیات خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والی گاڑیوں میں پہنچائی گئی، منشیات کے پیسوں سے آپ دوسروں کو نااہل کرنا چاہتے ہیں ۔

عائشہ گلالئی نے ایک بار پھر کہا کہ نیازی صاحب نے بیٹیوں اور بہنوں کا احترام نہیں کیا،انہوں نے چار سال تک پاکستان میں انارکی پھیلائی، حکومت کو کام نہیں کرنے دیا،لوگوں کو ڈینگی سے مرنے کے لیے چھوڑ دیا،خیبر پختونخوا کے عوام کو چھوڑ کر احتجاج اور دھرنوں میں بیٹھ گئے، اگر نیازی صاحب کی حکومت آگئی خواتین پر حملے بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے آج کے فیصلے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے سرخرو کیا،میں الیکشن کمیشن کے معزز جج صاحبان کی بھی شکر گزار ہوں، میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ یہاں پیش ہو کر میں نے آئینی اداروں کا احترام کیا، اگر فیصلہ میرے خلاف بھی آ جاتا تو ان ادارے کو دھمکیاں نہ دیتی۔

عائشہ گلالئی کہتی ہیں کہ نیازی صاحب کا کہنا ہے کہ کہ فیصلہ میرے خلاف آیا تو سڑکوں پر احتجاج ہو گا،انہوںنے ہمیشہ اس ملک میں انار کی اور احتجاج پھیلایا ہے، یہ رویہ اب عوام کو قابل قبول نہیں،ڈینگی کے مریض مرتے رہے عمران خان نے خبر تک نہ لی۔

انہوں نے کہا کہ این اے 4 کے حلقے میں لوگوں نے کالے جھنڈے لگا دئیے ہیں،عمران خان نے لوگوں کو ووٹنگ کے عمل سے متنفر کر دیا،وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان ہنرعلم نہیں گالیاں سیکھیں، طالبان کے ساتھ ان کے لنکس ہیں، کرپشن کا پیسہ انتخابی مہم میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

عائشہ گلالئی نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے سوال کیا کہ نیازی صاحب کرپٹ لوگوں کو لے کر کرپشن کا خاتمہ کیسے کرو گے،مفاد پرست لوگ پاکستان میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیں گے، آج کا فیصلہ فوزیہ قصوری جیت ہے، اے این پی، پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کے جلسوں پر طالبان حملے کرتے ہیں، جبکہ عمران خان موسیقی کے ساتھ جلسے کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج کا کیس میری سیٹ کے لالچ یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں تھا، طلاق دینا عمران خان کا ذاتی فعل ہے،ہمارے معاشرے کی اخلاقیات ہیں کہ بیوی کو 1 سال بعد طلاق دے کر گھر بھیجا نہیں جاتا، پاکستان کی خواتین کو احترام دینا ہو گا۔

عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور کا اس موقع پر کہناتھا کہ پی ٹی آئی کا سارا عتاب گلالئی پر اس لئے تھا کہ وہ عمران خان کا مکروہ چہرہ سامنے لائیں، انہوں نے اسپیکر سے بھی جھوٹ بولا کہ عائشہ گلالئی کا جواب نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلالئی نے ہراساں کرنے والے کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا،موقع آچکا ہے کہ عمران خان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کیا جائے،عمران خان اب نہ صادق رہے نہ امین۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیاکہ عائشہ گلالئی رکن قومی اسمبلی رہیں گی، عائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے دائرعمران خان کا ریفرنس مسترد ہوگیا۔

عمران خان نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عائشہ گلالئی کو پارٹی کا منحرف رکن قرار دیا تھا۔
ادھر عائشہ گلالئی کے حق میں فیصلہ دینے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آئین کے خلاف قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی پارٹی چھوڑنے کا کہہ چکی ہیں، وہ پارٹی کی ہدایات پر بھی عمل نہیں کرتیں، الیکشن کمیشن کے فیصلوںسے یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف کھڑا ہے۔

تازہ ترین