• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز احمد نے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی باضابطہ تصدیق کردی

Sarfraz Ahmed Confirms Approach By Bookie In Uae

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے باضابطہ طور پر اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تصدیق کردی ہے،انہوں نے اس بات کی تصدیق ابو ظہبی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئےبتائی۔

سرفراز احمد نے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی خبر بریک ہونے کے بعد پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر اس کی تصدیق کی۔سری لنکا کے خلاف ٹی20سیریز سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا اسپاٹ فکسنگ کی مجھے پیشکش ہوئی اور اس پیشکش کے بعد مجھے جو کچھ کرنا تھا وہ میں نے کیا،تاہم ابتداء میں مطمئن تھا لیکن جوں جوں میڈیا میں اس حوالے سے خبریں نشر ہوئیں میں پریشان بھی ہوااور فکر مند بھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کے بعدانتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ہی روز اس بات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جب کہ انہوں نے لاہور میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل اعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتایا۔

بعد ازاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تصدیق کی تھی لیکن پالیسی کے مطابق انہوں نے کھلاڑی کا نام نہیں لیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ سٹے باز کی پیشکش کو ٹھکرانا اور متعلقہ حکام کو اس بارے میں رپورٹ کرنا سرفراز کا مثالی قدم ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے، وہ نوجوانوں کیلئے مثال ہیں۔ سرفراز احمد نے بروقت رپورٹ کر کے اس معاملے کو بالکل صحیح انداز میں ہینڈل کیا۔

تازہ ترین