• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Who Is Dina Wadia

قائد اعظم نے ایک پارسی خاندان کی خاتون رتی بائی (مریم جناح) کے ساتھ شادی کی تھی، شادی کے ایک سال کے بعد 15اگست 1919ء کو لندن میں ان کے ہاں بیٹی پیدا ہوئیں جن کا نام دینا جناح رکھا گیا، دینا جناح بانی پاکستان کی اکلوتی اولاد تھیں۔

قائد اعظم کی اہلیہ رتی جناح کی یادگار تصویر

دینا جناح نیول واڈیا سے منسوب ہونے کی وجہ سے بعد ازاں دینا واڈیا کہلائیں جو گزشتہ رات طویل علالت کے بعد 98 سال کی عمر میں امریکا کے شہر نیویارک میں انتقال کرگئیں، اُن کی پیدائش کے ٹھیک 28سال بعد 14اور 15اگست کی درمیانی شب کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

اِن کی والدہ مریم جناح 20فروری 1929ء کو صرف 29 سال کی عمر میں وفات پا گئیں، اس وقت دینا جناح کی عمر صرف دس سال تھی۔

قائد اعظم کی اہلیہ کے انتقال کے بعد قائد اعظم نے اپنی اکلوتی بیٹی کی تربیت کرنے کی ذمہ داری اپنی بہن فاطمہ جناح کے سپرد کی اور اُنہیں تلقین کی کہ دینا کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جائے۔

بہر حال اُس وقت تحریکِ پاکستان بھی عروج پر تھی اور قائد اعظم کی مصروفیت کا تمام محور آل انڈیا مسلم لیگ تھی، اسی وجہ سے فاطمہ جناح بھی ان کی تحریک کا حصہ تھیں۔

اس صورت حال کے باعث دینا جناح اپنے پارسی ننھیال سے زیادہ قریب ہوگئیں، اس دوران دینا جناح کی شادی کا سلسلہ چلا اور قائد اعظم کو جب پتہ چلا کہ دینا جناح نے پارسی نوجوان نیول واڈیا سے شادی کرنے کا ارادہ کرلیا ہے تو قائد اعظم نے اپنی بیٹی کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں لاکھوں پڑھے لکھے مسلمان لڑکے ہیں تم ان میں سے کسی بھی مسلمان لڑکے کے ساتھ شادی کر لو، جواب میں بیٹی نے باپ سے کہا کہ ہندوستان میں لاکھوں خوبصورت مسلمان لڑکیاں تھیں لیکن آپ نے ایک پارسی لڑکی سے شادی کیوں کی؟

قائد اعظم نے جواب میں کہا کہ تمہاری ماں نے شادی سے قبل اسلام قبول کر لیا تھا لیکن ان کی بیٹی پر اس بات کا کوئی اثر نہ ہوا اور اُنہوں نے بالآخر نیول واڈیا سےشادی کرلی، قائداعظم اس شادی میں شریک نہیں ہوئے اور وہ بیٹی سے سخت ناراض تھے، جس کا تفصیلی مکالمہ تاریخ کی کئی کتابوں میں محفوظ ہے۔

نیول واڈیا 22 اگست 1911ء کو لیور پول یو کے میں پیدا ہوئے اور اُن کا انتقال 31 جولائی کو ممبئی میں ہوا، وہ ایک بھارتی بزنس مین تھے۔

جب 1948ء  میں قائداعظم کا انتقال ہوا تو دینا واڈیا ان کا آخری دیدار کرنے کے لیے کراچی آئیں، پھر وہ ممبئی سے نیویارک منتقل ہو گئیں۔

وہ آخری مرتبہ 2004ء میں پاک بھارت کے مابین کرکٹ میچ دیکھنے پاکستان آئیں اور اپنے والد کی آخری آرام گاہ مزار قائد پر بھی گئیں۔

شجرہ نسب
دینا واڈیا اور اُن کے شوہر نیول واڈیا کی واحد اولاد ان کے صاحبزادے نوسلی واڈیا ہیں جو 15 فروری 1944ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے، وہ بھی اپنے والد کی طرح بزنس مین ہی ہیں۔

قائد اعظم کے نواسے اور دینا واڈیا کے اکلوتے صاحبزادے نوسلی واڈیا

نوسلی واڈیا کے دو بچے ہیں، نیس واڈیا اور جہانگیر واڈیا، یہ دونوں بھی مشہور بھارتی بزنس مین ہیں، نیس واڈیا بیشتر کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹر بھی ہیں اور انڈین پریمئر لیگ کی ٹیم کنگز الیون پنجاب میں بھی ان کے شیئرز ہیں۔

دینا واڈیا کے پوتے نیس واڈیا اور جہانگیر واڈیا

تازہ ترین