• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرک کاروں کے چارجنگ اسٹیشن، آغاز اسی سال

Charging Stations Of Electric Cars Starts This Year

مختلف یورپی ملکوں میں موٹر گاڑیاں تیار کرنے والے صنعتی اداروں نے مشترکہ طور پر یہ منصوبہ بنایا ہے کہ وہ یورپ میں الیکٹرک کاروں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک ایسا نیٹ ورک تیار کریں گے، جو بجلی سے چلنے والی کاروں کو ری چارج کرنے کے لیے چارجنگ اسٹیشنوں پر مشتمل ہو گا۔

جنوبی جرمنی کے دو بڑے شہروں میونخ اور اشٹٹ گارٹ سے موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی شاہراہوں پر ’ای۔کاروں‘ کے لیے چارجنگ اسٹیشن بھی اتنے ہی ضروری ہیں، جتنے پیٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کے لیے مختلف شہروں اور ہائی ویز پر جگہ جگہ بنائے گئے پیٹرول پمپس۔

مجموعی طور پر یورپی آٹوموبائل انڈسٹری نے مختلف ممالک میں موٹر ویز پر ایسے 400 تیز رفتار چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 20 اولین چارجنگ اسٹیشنوں کی تعمیر کا ابتدائی کام اسی سال شروع کر دیا جائے گا۔

یہ بات کار ساز اداروں بی ایم ڈبلیو، مرسیڈیز گاڑیاں بنانے والے کمپنی ڈائملر، فورڈ، جرمنی سے تعلق رکھنے والے سب سے بڑے یورپی کار ساز ادارے فوکس ویگن اور فوکس ویگن کے ذیلی اداروں آؤڈی اور پورشے کی طرف سے تین نومبر کو ایک مشترکہ بیان میں بتائی گئی۔

مرسیڈیز گاڑیاں بنانے والے کمپنی ڈائلمر کا ہیڈکوارٹر اشٹٹ گارٹ میں اور بی ایم ڈبلیو کے صدر دفاتر میونخ میں ہیں۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سال جن بیس چارجنگ اسٹیشنوں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا، وہ جرمنی، ناروے اور آسٹریا کی مختلف ہائی ویز اور اہم موٹر وے کراسنگز پر بنائے جائیں گے۔

اس کے بعد اگلے سال ایسے مزید 80 چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن کے بعد یہ تعداد 100 ہو جائے گی۔

اسی طرح سن 2020ء تک ایسے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنوں کی مجموعی تعداد بڑھا کر 400 کر دی جائے گی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ تمام الیکٹرک اسٹیشن ایک ایسی کمپنی تیار کرے گی جو خاص اسی مقصد کے لیے قائم کی گئی ہے۔

اس کمپنی کا نام ’ایئونیٹی‘ ہے جس کا صدر دفتر بھی میونخ ہی میں ہے۔ یہ کمپنی چاروں بڑے کار ساز اداروں بی ایم ڈبلیو، ڈائملر، فورڈ اور فوکس ویگن نے مل کر بنائی ہے، جس میں ان کا فی کس حصہ پچیس فیصد ہے۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے پر کل کتنی لاگت آئے گی لیکن یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ کوشش یہ ہو گی کہ ایسے تمام الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن ایک دوسرے سے اوسطاً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم کیے جائیں۔

ان میں سے ہر اسٹیشن پر ایسے بہت سے چارجنگ پول ہوں گے جن پر لگے پلگوں سے، عام موبائل فون کی طرح الیکٹرک کاروں کو ری چارج کیا جا سکے گا۔

تازہ ترین