• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ایئر شو، پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈر کا شاندار فضائی مظاہرہ

دبئی میں  16ویں دبئی ایئر شو کی افتتاحی تقریب کا انعقادہوا ،جس میں پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نےفضائی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا، اس موقع پر شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

پاک فضائیہ کے JF-17تھنڈر نے غیر معمولی کرتب دکھائے ،پائلٹ نے اپنی کارکردگی سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو پر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد دی ۔

فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک JF-17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا جس میں خریداروں اور شائقین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دلکش اور مہلک لڑاکا طیارے جے ایف 17تھنڈر کے علاوہ جدید ترین تربیتی طیارہ سُپر مشاق بھی پانچ روز جاری رہنے والے اس ایئر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ایئر مارشل احمر شہزاد،چیئرمین پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں JF-17تھنڈر کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کی کاوش JF-17تھنڈر ایک کم قیمت ، بہت طاقتور ، ہمہ جہت ، کم وزن اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں ، بمبوں ، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور اینٹی شپ میزائل سے لیس جنگی جہاز ہے ۔

جہاز کے اندرڈیجیٹل فلائی بائی وایئر فلا ئٹ کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے جو اسے ہر قسم کے مشن میں فوقیت دلاتا ہے۔اس طیارے کی چھوٹے رن وے سے ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت اسے ہر قسم کے فضائی آپریشن میں معاون ثابت ہوتی ہے جو کہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستانی ساختہ سپر مشاق طیارہ جدید آلات اور سہولیات سے لیس ہے جس کی وجہ سے ابتدائی فضائی تربیت کے لئے بہترین خیال کیا جاتا ہے ۔سپر مشاق طیارہ جدیدابتدائی فضائی تربیت کی تمام ضروریات کو پورا کرتاہے۔

پاکستان ایئر وناٹیکل کمپلیکس نے بھی اپنی عالمی معیا ر کے عین مطابق تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کے سلسلے میں دبئی ایئر شو میں ایک اسٹال لگایا۔

 

تازہ ترین