• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پُرامن احتجاج پر دہشتگردی کا کیس بنا دیا گیا، عمران خان

Terrorism Case Made On Peaceful Protest Imran Khan

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے پُرامن احتجاج کے دوران دہشت گردی کا کیس بنا دیا گیا۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے بلین ٹری سونامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارےخلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنائے گئے، ان کیسوں سےعوام کامنہ بند کررہے ہیں ، جمہوریت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک اور خیبرپختونخوا حکومت نے جس کمٹمنٹ سے کام کیا اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں، مجھے شک تھا کہ بلین ٹری کا فنڈ کہیں اور استعمال نہ ہو، کے پی حکومت نے اشتہار کے بجائے زمین پر پیسہ خرچ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 سال کی جدوجہد میں جو ڈسپلن آج دیکھ رہا ہوں اس پر مبارکباد دیتا ہوں، لگ ہی نہیں رہا کہ یہ پی ٹی آئی کا پروگرام ہے، ورنہ لڑائیاں ہوتی ہیں کشتیاں ہوتی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کون سمجھتا تھا کہ 4 سال میں ایک ارب درخت لگ سکتے ہیں، ایک ار ب 18 کروڑ درخت سوا 3سال میں لگائے، پرویز خٹک نے آڈٹ کروایا، یہ ڈیولپمنٹ اشتہاروں میں نہیں زمین پر ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ لوگوں نے کہا کہ کینسر اسپتال لاہور میں نہیں بن سکتا، میری خواہش تھی کہ شوکت خانم میں 70فیصدلوگ مفت علاج کروائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 20 میں سے 19 ڈاکٹرز نے کہا کہ لاہور میں کینسر اسپتال نہیں بن سکتا، ایک ڈاکٹر نے کہا کہ بن سکتا ہے مگر اس میں غریب کا اسپتال نہیں بن سکتا، پانچ سو کروڑ روپیہ غریب عوام کے علاج پرشوکت خانم میں صرف ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آپ خواب دیکھنے کے لیے کشتیاں جلا کے جاتے ہیں، انسان ہارتا جب ہے جب خواب پر سمجھوتا کرلے، جب سیاسی جماعت صرف سوچے گی کہ اگلا الیکشن جیت لوں تو کیسے ترقی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لاہور میں آلودگی دیکھ رہے ہیں یہ لوگوں کی زندگیوں کے لیے بڑا خطرہ ہے، آلودگی کی نارمل ریٹ سے زندگی 11 سال کم ہو گئی ہیں، کسی کو اس آلودگی کی فکر نہیں، میٹرو بنا کے اگلے الیکشن جیتنے کا سوچ رہے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ سارے ملک میں بلین ٹری سونامی اور ریزورڈ فارسٹ بنانے کا پلان ہے، اگلے 5 سال میں 2 ارب درخت خیبرپختونخوا میں لگائیں گے۔

تازہ ترین