• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے: فوج کی جانب سے صدر موگابے کا تختہ الٹنےکی اطلاعات

The Army Overwhelmed The President Mugabe In Zimbabwe

افریقی ملک زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کا تختہ الٹ کر فوج کے اقتدار سنبھالنےکی اطلاعات ہیں۔ اس سے قبل 93 سالہ حکمران کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئی اور دارالحکومت ہرارے میں زور دار دھماکابھی ہوا ۔

زمبابوے میں 37 سال بعد صدر موگابے کا تختہ الٹ دیا گیا، فوجی ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے جس کے تحت فوج نے اقتدار سنبھال لیا ہے، موگابے اور ان کا خاندان محفوظ ہے۔

حکومت کے ساتھ رسہ کشی کے بعد فوجی ٹینک اور ٹرک دارالحکومت کے قریب کل سے جمع ہیں، فوج نے سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹرز کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ شام کی خبریں نشر نہیں کی گئیں۔
زمبابوے کی تازہ صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ برطانیہ نے اپنے شہریوں کو صورتحال واضح ہونے تک گھروں میں رہنے کا کہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی بحران صدر موگابے کی جانب سےنائب صدر کی برطرفی کے بعد بڑھا،فوج کے سربراہ چی وینگا نے فوجی مداخلت کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ انقلاب کے دفاع کےلیے ضرورت پڑی تو میدان میں آئیں گے۔

صدر مگابے نے گزشتہ ہفتے نائب صدر، سابق فوجی ایمرسن مننگاوا کو برطرف کیا تھا، انہیں 93 سالہ موگابے کے بعد صدارت کا ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موگابے اپنی بیوی کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموارکرنا چاہتےہیں، 1980 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے موگابے زمبابوے میں عہدہ صدارت پر براجمان تھے ۔

تازہ ترین