• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رات کو کسی سے ناراض ہو کر یا غصے میں نہ سوئیں، بیمار ہوجائیں گے

Do Not Get Annoyed Or Angry At Night Will Become Ill

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ رات کو سونے سے پہلے غصہ کرنا چاہئے اور نہ ہی کسی سے ناراض ہو کر سونا چاہئے کیونکہ ناراضی اور غصے کی وجوہات کو ذہن میں رکھ کر سونے کے نتیجے میں منفی سوچ کو تقویت ملتی ہے جس سے انسان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

سائنس میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغ کی ساخت ایسی ہے کہ اس میں ایسی چیزیں زیادہ محفوظ رہ جاتی ہیں جو ناراضی یا پھر غصے کا سبب بنتی ہیں، اس صورتحال کی وجہ سے انسان کے مختلف رشتوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔

گزشتہ تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ جذبات، آواز اور دماغ سے جڑے دیگر محرکات انسانوں کو ان احساسات کو یاد کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ امریکا کے شہر بوسٹن میں قائم بیتھ اسرائیل ڈیکننیس میڈیکل سینٹر کے محققین نے اس سلسلے میں 57؍ مختلف افراد پر تحقیق کی۔

تحقیق میں، ہر شخص کو ایک آنکھ سے اچھا جبکہ دوسری آنکھ سے ناخوشگوار فوٹو دیکھنے کیلئے کہا گیا۔ چونکہ ہر آنکھ دماغ کے دو مختلف حصوں سے جڑی ہوتی ہے اسلئے دماغ ہر فوٹو کو الگ الگ پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تصاویر دیکھنے کے بعد ایسی فوٹوز جن کی وجہ سے منفی جذبات پیدا ہوتے تھے ان کی وجہ سے دماغ میں مخصوص برقی سرگرمی ریکارڈ کی گئی۔ ان رضا کاروں کی آدھی تعداد سے 12؍ گھنٹوں بعد یہ معلوم کیا گیا کہ وہ یاد کرکے بتائیں کہ انہوں نے کون کون سی فوٹوز دیکھی تھیں جبکہ باقی رضاکاروں کی تعداد کو اس عرصہ کے دوران نیند لینے کیلئے کہا گیا۔

جن رضاکاروں نے نیند لی انہیں 12؍ گھنٹوں کے بعد بھی منفی یا پھر نا خوشگوار فوٹوز یاد رہ گئیں جبکہ دیگر افراد نے ایسی تصاویر کو زیادہ یاد رکھا جو نیوٹرل یا پھر مثبت تھیں۔

تحقیق کرنے والی ٹیم کے رکن رائے کوکس کا کہنا تھا کہ تحقیق سے معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ نیند کس طرح جذباتی نوعیت کی یادداشتوں کو مستحکم بناتی ہے۔

تازہ ترین