• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں بغیر ڈرائیور کے روبوٹ گاڑیاں سڑکوں پر

برطانیہ دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے بغیر ڈرائیور چلنے والی روبوٹ گاڑیوں کی اجازت دے دی ہے۔ 2019ء سے ایسی روبوٹ گاڑیوں کا آغاز ہو گا اور 2021ء تک انہیں بغیر کسی پابندی کے ملک بھر میں چلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

خود کار طریقے سے چلنے والی گاڑیوں کے حوالے سے اتنا بڑا اقدام ابھی تک کسی ملک نے نہیں کیا۔ سن 2019 سے برطانیہ کی سڑکوں پر ایسی کاریں دیکھنے کو ملیں گی جو بغیر کسی ڈرائیور کے چلتی ہوں گی۔

برطانوی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق یہ گاڑیاں تجرباتی طور پر چلائی جائیں گی اور سن 2021 سے ایسی موٹر گاڑیاں بغیر کسی پابندی کے برطانیہ بھر کی سڑکوں پر چلیں گی۔

Driverless car_l

دنیا میں ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ کیٹیگری فائیو ( جس میں کوئی بھی ڈرائیور موجود نہ ہو) کے تحت خود کار گاڑیوں کو ملک بھر کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت ہو گی۔

برطانوی وزیر خزانہ اس حوالے سے ایک مفصل رپورٹ آئندہ بدھ کے روز پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ برطانوی حکومت اپنے ملک میں الیکٹرک کاروں کے رجحان میں اضافہ بھی چاہتی ہے۔

اس مقصد کے لیے 400 ملین پاؤنڈ کا فنڈ مختص کیا جائے گا تاکہ ایسی کاروں کو چارج کرنے کے لیے پیٹرول اسٹیشن کی طرح کے الیکٹرک اسٹیشن قائم کیے جا سکیں۔

برطانوی حکومت الیکٹرک یا ای کاریں خریدنے والوں کو سبسڈی فراہم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

برطانوی وزارت خزانہ ایسی کاروباری کمپنیوں کے لیے 75 ملین پاؤنڈ مختص کرنا چاہتی ہے جو مصنوعی ذہانت پر تحقیق کر رہی ہیں۔ 160 ملین پاؤنڈ انتہائی تیز رفتار موبائل فون نیٹ فائیو جی کے لیے مختص کیے جائیں گے کیوں کہ تیز رفتار انٹرنیٹ سے ہی روبوٹ گاڑیوں کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جا سکے گا۔

Driverless car 01_l

نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ جرمنی میں بھی ایسی روبوٹ گاڑیاں مستقبل کا ایک انتہائی اہم موضوع ہیں لیکن اس ملک میں قانونی طور پر بغیر ڈرائیور کے گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

جرمنی میں اس حوالے سے تیس مارچ کو قانون میں ایک تبدیلی بھی لائی گئی تھی جس کے مطابق ایک ڈرائیور کار کو کمپیوٹر کے حوالے کر سکتا ہے لیکن ڈرائیور کا کار میں ہونا ضروری ہے تاکہ کسی مشکل کی صورت میں وہ کار کا نظام سنبھال سکے۔

تازہ ترین