• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلی ویژن کا عالمی دن:ملک کی سطح پر ٹی وی لازمی جز بن چکا

رپورٹ:نعمان منصوری....آج اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ٹیلی ویژن کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد معاشرے کی بہتری کے لئے ٹیلی ویژن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

افراد کاانداز فکر فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ ٹیلی ویژن سوچ کی مثبت تبدیلی میں معاون ترین ذریعہ ثابت ہورہاہے۔ ملکی سطح پر ٹی وی ایک لازمی جز بن چکا ہے۔

معاشرے کی خامیوں کو اجاگر کرتے ڈرامہ سیریل، حالات حاضرہ ،کھیل و تفریح کے پروگرام پاکستان ٹی وی انڈسٹری کا حسن ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان پروگرام کی تشکیل کے دوران اپنے بہترین اخلاقی اقدار اور بنیادی عقائد و نظریات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔

پاکستان میں ٹی وی کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں 8نفوس کے لئے ایک ٹی وی سیٹ موجود ہے جبکہ فی فرد اوسطاً دو گھنٹے یومیہ کا ناظر ہے۔

دوسری طرف عالمی سطح پر 2015میں ٹی وی پروگرامز پر39فیصد سرمایہ کاری امریکہ نے کی۔

جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے ٹیلی ویژن کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف ذرائع کے اعداد و شمار پر تحقیق کی جس میں گیلپ سروے کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ مقامی تفریح چینل د یکھے جاتے ہیں جس کا اوسطا دورانیہ فی فرد ایک گھنٹہ42منٹ یومیہ ہے اسی طرح، موسیقی کے پروگرام ایک گھنٹہ 35منٹ، نیوز چینل ایک گھنٹہ28منٹ ،کھیل کے پروگرام ایک گھنٹہ21منٹ، فلم ایک گھنٹہ8منٹ، بین الاقوامی تفریح چینل ایک گھنٹہ6منٹ روزانہ دیکھے جاتے ہیں۔

ٹی وی پروگرم میں عالمی سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانوی ادارے "آئی ایچ ایس مارکیٹ " کی رپورٹ "ورلڈ ٹی وی پروڈکشن2016ــ" کے مطابق عالمی سطح پر 2015 کے دوران ٹی وی پروگرامز پر 120ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جس میں47اعشاریہ7ارب ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ امریکہ کا پہلا، 9اعشاریہ8ارب ڈالر کے ساتھ جاپان کا دوسرا، 9اعشاریہ5ارب کے ساتھ برطانیہ کا تیسرانمبر رہا۔

رپورٹ کے مطابق 7اعشاریہ4ارب کے ساتھ برازیل کا چوتھا،7اعشاریہ3ارب کے ساتھ جرمنی کا پانچواں، 6اعشاریہ5ارب کے ساتھ فرانس کا چھٹا، 4اعشاریہ7ارب کے ساتھ کوریا کا ساتواں، 3اعشاریہ4ارب کے ساتھ کینیڈا کا آٹھواں، 2اعشاریہ 4ارب ڈالرکے ساتھ آسٹریلیا اور بھارت کا ٹی وی پروگرام پر سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں بتدریج نواں اور دسواں نمبر رہا۔

تازہ ترین