• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Pakistan Under 19 Cricket Team

سیدیحییٰ حسینی....ملائیشیا میں کھیلے جا نے والے انڈر 19ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دس دن کے دوران گرین شرٹس کو افغانستان کے ہاتھوں دو بار شکست کا سامنا ہی نہیں کرنا پڑا بلکہ اس سے زیادہ افسوس کی بات یہ تھی کہ دونوں میچو ں میں ہمارے نوجوان کھلاڑی 100رنز کے ہندسے کو عبور نہ کر سکے۔

شکست کے بعد پاکستان کر کٹ کے حلقوں میں یہ سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والا کر کٹ بورڈ جو پاکستان سوپر لیگ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا ، پاکستان کرکٹ کے کل کے لئے اس کے پاس کیا حکمت عملی ہے؟

ویسے معذرت کیساتھ جس کرکٹ بورڈ کے فرسٹ کلاس کر کٹ کلینڈر کا کچھ پتہ نہ ہو، یعنی کون سا ٹورنامنٹ کب اور کیسے منعقد ہونا ہے، ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی بناء اسپانسر کے کھیلا جا رہا ہو، وہاں کر کٹ کے مستقبل پر ویسے ہی سوالات اٹھنے لگتے ہیں ۔

ملائیشیا میں انڈر 19ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کو نیپال کے مقابلے پر شکست کا سامنا کر نا پڑا،البتہ وہاں اتنا شور نہیں ہوا، بھارت کی انڈر 19ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں 48سینچریوں کیساتھ 24177رنز بنانے والے راہول ڈریوڈ دیکھ رہے ہیں ، ان سے کسی نے مستعفی ہو نے کی بات نہیں کی، البتہ پاکستان انڈر 19کی شکست پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ جونئیر سطح پر بہتر مستقبل کومد نظر رکھتے ہو ئے سنجیدہ اور ملک کے بہترین کرکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان اور1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے وکٹ کیپر معین خان کے بڑے بھائی سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان انڈر19ٹیم کے ساتھ بطور مینجر گئے، ٹیم کا ڈسپلن اپنی جگہ البتہ ٹیم کے کوچ منصور رانا کیساتھ ندیم خان نے کھلاڑیوں کو کھیل کے حوالے سے نہ صرف مفید مشورے دئیے بلکہ افغانستان کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے بعد حسان خان کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا اور ٹیم نے مسلسل تین میچ جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

ندیم خان نے ٹیم سلیکشن پر حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اوپنرز اسکواڈ میں شامل کئے گئے۔ ادھر اصل حقیقت یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں محمد عارف کیساتھ حماد خان ، محسن خان اور عمیر یوسف سے اننگز کا آغاز کروایا گیا، بیٹنگ آرڈر ہر میچ میں بدلتا رہا، ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 250رنز بنانے والے محمد طحہ کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ کی معلومات یہ تھیں کہ وہ پہلے تین میچو ں میں تین مختلف نمبروں پر کھیلے۔ آنکھیں ابھی بھی نہیں کھلیں۔

سلیکشن کمیٹی نے انڈر19ورلڈ کپ کیلئے اب پھر ٹرائل کے نام پر سلیکشن سے مذاق کر نے کا منصوبہ بنایا ہے ،اس ساری صورت حال میں پی سی بی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ،اور شاید وہ ورلڈ کپ کے بعد نیند سے بیدار ہوگا۔

سابق ٹیسٹ کر کٹر باسط علی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہیں ،ان کی سلیکشن پر سنجیدہ نوعیت کے تحفظات ہیں لیکن پی سی بی نے انھیں عارضی طور پر خواتین ٹیم کی سلیکشن کا بھی چارج دے رکھا ہے۔

جونئیر سلیکشن کمیٹی نے ایک سال میں صرف تنخواہ لی، ڈومیسٹک سطح پر پی سی بی کے خزانے سے ڈیلی الاونس کے نام پر پیسے لئے ، البتہ ٹیم بنانے کی باری آئی تو ٹرائلز کے لئے 40سے 50کھلاڑیوں کا رش لگا لیا۔

سوال یہ ہے کہ جونئیر سلیکشن کمیٹی جب ڈومیسٹک انڈر19کے میچ دیکھ رہی تھی تو پھر ٹرائلز کا ڈرامہ کس کو خوش کر نے کے لئے کیا؟ بہترین پرفارمر کو ٹیم میں شامل کریں اور اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں ،لیکن اگر ایسا ہو گا تو پھر پسندیدہ کھلاڑی کیسے ٹیم میں شامل ہوں گے۔

تازہ ترین