چینی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کو فوری طور پر انٹرنیٹ پر قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں ایسی انٹرنیٹ فرموں نے اسمارٹ فونز کے لیے اپنی ایپس بنا رکھی ہیں۔ انہی ایپس کے ذریعے یہ سرمایہ جمع کرتی ہیں اور پھر آگے بطور قرض دے دیتی ہیں۔
یہ کمپنیاں عام بینکوں کی نسبت زیادہ شرح سود پر قرض فراہم کرتی ہیں، جس سے یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے کہ مقروض شہری یہ رقوم واپس ادا نہیں کر سکیں گے۔
گزشتہ سال کی نسبت چین میں رواں برس ایسی کمپنیوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور یہ تقریبا 140 ارب ڈالر کا کاروبار کر رہی ہیں۔ چین میں قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں زیادہ تر ان افراد کو قرض دے رہی تھیں، جنہیں بینک عمومی طور پر قرضے دینے سے انکار کر دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں انٹرنیٹ پر قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا ہے۔