• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل فضائیہ تربیتی مشن میں شرکت

Pakistan Air Force Chief Attend Royal Air Force Training Mission

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے رائل فضائیہ کے تاریخی نمبر 9 اسکواڈرن کا دورہ کیا اور اور رائل ائیر بیس مرحم پر ٹارنیڈو لڑاکا طیار ے میں ایک تربیتی فضائی مشن میں شرکت کی ۔

ائیر بیس آمد پر انہیں اس قابل فخر اسکواڈرن کی آپریشنل سرگرمیوں اور اس کی شاندار تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اس دورے کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ اس سال پی اے ایف بیس مصحف میں ایک تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے نمبر 9 اسکواڈرن کو رائل فضائیہ کے اسکواڈرن کا جڑواں قرار دیا گیا تھا۔

رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن ہیلیر نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی تھی اور پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر 9 اسکواڈرن کے F-16 طیارے میں بیٹھ کر ایک تربیتی فضائی مشن میں بھی حصہ لیا تھا۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن ہیلیر کے ساتھ وزارت دفاع (لندن) میں ملاقات کی، ملاقات میں کئی پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو کی گئی۔

ائیر چیف نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی مشقوں کی اہمیت اور آپس کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ائیر چیف مارشل سر اسٹیفن ہیلیر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں اس کے کردار کو سراہا۔

بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کا دورہ بھی کیا او رPeace South Asia Security Dynamics : Pivot to World کے موضوع پر لیکچر دیا ۔ لیکچر کے دوران ائیر چیف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی لوگوں کو قومی دھارے میں لانے سے کافی فوائد حاصل ہوئے اور اس سے اس خطے میں امن قائم کرنے میں مدد ملی۔

انہوں نے افغانستان میں سیاسی استحکام اور امن کے لیے مصالحت کی ضرورت پر زور دیا اور سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے اس بہترین ادارے کے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ملاقات کی اور طلباء کو اس مفید کورس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کا مشورہ دیا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ بھی اس شاندار ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔

تازہ ترین