• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض آباد دھرنا18 ویں دن بھی جاری، عوام پریشان

Eighteen Day Of Faizabad Sit In Protest People Ruin

کراچی کی ایم اے جناح روڈ تو کھل گئی مگر پنڈی اسلام آباد کے سنگم فیض آباد کی سڑک نہ کھل سکی ۔فیض آباد دھرنا نئے دن میں داخل ہوگیا ۔ صبح گھروں سے نکلنے والوں کو بدستور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دھرنے والے ضد پر اڑے ہوئے ہیں،انتظامیہ انہیں منانے اور راستے کھلوانے میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکی ۔دھرنا ختم کرانے میں کیا رکاوٹ حائل ہے؟ جوابدہی کےلیے آج سپریم کورٹ نے بھی اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کررکھاہے ۔

اٹھارہ دن ہوگئے ہیں ، شہر اقتدار کےدر پر دھرنا دیے مظاہرین نے حکمرانوں کو بے بس اور شہریوں کوبےحال کررکھا ہے ۔روز لاکھوں شہری ، جن میں بچے بوڑھے اور مریض بھی شامل ہیں ۔ راستوں میں گھنٹوں خوار ہورہےہیں مگر ان کے حال پر ترس کھانے والا کوئی نہیں ۔

بدھ کو دھرنے کے شرکا نے اشتعال انگیزی بھی دکھائی اور پتھراؤ کرکے 4 اہل کاروں کو زخمی کیا۔

دھرنے والوں کی روش اور حکومت کی بے بسی پرسپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل بینچ نے منگل کو اس صورتحال کا نوٹس لیا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ایسا لگتا ہے چند مظاہرین نے وفاقی دارلحکومت کو یرغمال بنا رکھا ہے اور ریاست کے اہلکار راستہ صاف کرنے کی بجائے ان سے مذاکرات کر رہے ہیں ۔

آج سماعت سے پہلے عدالت نے اٹارنی جنرل ، سیکریٹری داخلہ سیکریٹری دفاع اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں ۔

اٹارنی جنرل کو آئی بی ، آئی ایس آئی کی طرف سے رپورٹس داخل کرنے کا حکم بھی دیا گیاہے ۔

تازہ ترین