• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کو پی ٹی وی و پارلیمنٹ حملہ کیس میں شامل تفتیش ہونے کا حکم

Imran Khan Ordered To Be Included In Ptv And Parliament Attack Case

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ سمیت 4 مقدمات میں پولیس کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کے خلاف پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ سمیت 4 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جج شاہ رخ ارجمند نے کی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نےعمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے کہ کیا ضمانت قبل از گرفتاری میں استثنا کی درخواست دی جا سکتی ہے؟ اس پر عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کہا ٹرائل بہت اہم ہے لیکن استثنا مل سکتا ہے، ایف آئی آر میں عمران خان پرصرف اشتعال دلانے اور للکارنے کا الزام ہے۔

سرکاری وکیل چوہدری محمد شفقات نے عمران خان کو حاضری سے استثنا دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ضمانت قبل از گرفتاری میں ملزم کو استثنا نہیں دیا جا سکتا، ملزم عمران خان عدالتی حکم کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہوئے، ملزم عمران خان نے کسی کے ہاتھ تفتیشی کے لیے ایک کاغذ بھجوایا تھا۔

بابراعوان نے عدالت کو بتایا عمران خان نے اپنا تحریری بیان تفتیشی افسر کو جمع کرایا ہے، سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا تفتیشی افسر کے روبرو پیش ہونا ضروری تھا جہاں سوال و جواب ہونے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور کہامیرا موازنہ نواز شریف سے نہ کریں، انسداد دہشت گردی کی عدالت کا عمران خان کو پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو مخاطب کرکے کہا تفتیشی افسر بتائیں کہ عمران خان کب بیان رکارڈ کرانے آئیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان کاچاروں مقدمات میں بیان ریکارڈ کیا جائے۔ کیس کی سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی گئی ۔

تازہ ترین