• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا 29واں جلسہ تقسیم اسناد

29th Convocation Ceremony Of Pakistan Naval Engineering Collage

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے الحاق شدہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا29واں جلسہ تقسیم اسنا د آج بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

لیفٹنٹ جنرل (ریٹائرڈ )نوید زمان، ریکٹر NUSTاور کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے کامیاب طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔

کانوکیشن کے دوران انجینئرنگ، مینجمنٹ اور انفارمیشن سسٹمز کے شعبوں میں کل 342 اسناد تقسیم کی گئیں جن میں 6پی ایچ ڈی، 37ماسٹرز اور 299 بیچلرز کی ڈگریاں شامل تھیں ۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے مختلف شعبوں میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے 26 طلبا میں میڈلز بھی تقسیم کیے جن میں 10پریذیڈنٹ گولڈ میڈلز، 3چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، 7چانسلرز سلور میڈلز اور 6ریکٹر گولڈ میڈلز شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس اہم کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سیکھنے کا عمل تا حیات جاری رہتا ہے اور ڈگری کا حصول اس سمت کی جانب پہلا قدم ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ دفاعی سیکٹر اور بالخصوص بحری افواج کا ٹیکنالوجی پر انحصار میں اضافہ ہورہا ہے، اس سلسلے میں پاک بحریہ عصر حا ضر کے تقاضو ں پر پورا اترنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ نیول پلیٹ فارمز اور سازو سامان کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

ایڈمرل ظفر محمود نے طلباءکو بتایا کہ خود انحصاری اور اندرونِ ملک ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس میں ہمارے مستقبل کے انجینئرز کو کلید ی کردار ادا کرنا ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی اور NUST کا کردار قابل تعریف ہے ۔

انہوں نے مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت ، اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مثبت اور ترقی پسندملک کے طور پر متعارف کروانے میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے طلبا کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

قبل ازیں اپنے خطبہ ءاستقبالیہ میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے کمانڈنٹ رئیر ایڈمرل عمران احمد نے نیول چیف کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی آمد پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج سے فارغ التحصیل طلباءدنیا بھر کے اہم اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کالج کے تقریباََ 90فیصد طلباءگریجویشن کے 6ماہ کے عرصے میں ملازمت کے حصول میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی این ای سی مستقبل قریب میں چینی یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کرے گا جس کی بدولت طلباءکے لیے ترقی اور تعلیم کی مزید راہیں استوار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبا ءکی ذہنی اور تجزیاتی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے انہیں مختلف فورمز مہیا کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کر سکیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ کالج کے 50سے زائد معروف ملکی اور غیر ملکی صنعتی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط ہیں۔ طلبا ان صنعتی اداروں کے دوروں اور انٹرن شپ پروگرامز کی بدولت عملی تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ سال 2017ءمیں PNECکی ٹیم نے دو بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا اور انعامات حاصل کیے۔

انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں اور اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی مقاصد کے حصول میں ایمان، دیانت داری، عزم و ہمت اور فر ض شناسی کے سنہری اصولوںکی پیروی کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر NUSTنے آگاہ کیا کہ NUST ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے طلبا کو انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں بہترین تعلیم مہیا کرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہے۔ نسبتاََ مختصر سے عرصے میں تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرنے پر QSورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے NUST کو دنیا کی 500بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں 437ویں پوزیشن پر رکھا ہے ۔

سال 2015ءسے NUSTہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں مسلسل پہلے نمبر پر ہے۔ BRICSکی رینکنگ کے مطابق NUSTایشیاءکی بہترین یونیورسٹیوںمیں 159ویں پوزیشن پر ہے۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور قومی ترقی کے حصول اور پاکستان کے مثبت تاثر کو مزید اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

تازہ ترین