• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے پورٹ قاسم پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

The Prime Minister Inaugurated Port Qasim Power Plant

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں پورٹ قاسم کے مقام پر سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے1320 میگاواٹ بجلی کے دو یونٹس میں ایک کا افتتاح کردیا ۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آج پاکستان میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے، 2013 میں ن لیگ کی حکومت آئی تو 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول تھی۔

حکام کے مطابق پلانٹ کے پہلے یونٹ سے قومی گرڈ کو 660 میگاواٹ بجلی ملے گی، دونوں یونٹس سے مجموعی طور پر 1320 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک ایک حقیقت ہے اور آئندہ آنے والے پاکستان کی معاشی ترقی کا اہم حصہ ہوگا۔ پورٹ قاسم پر سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ پہلا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پر بجلی گھر کا افتتاح پاک چین تعلقات میں ایک اور سنگ میل ہے، پورٹ قاسم پاور پلانٹ سستی بجلی پیدا کررہا ہے،فروری 2018 تک ہم دوسرے پاور پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے، 2000 میگاواٹ متبادل ذرائع سے توانائی حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ چوتھا ایل این جی بجلی گھر پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد سستا ہے،گوادر پورٹ پر اربوں روپے کے منصوبے لگائے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے تقریب میں قطری شہزادے کی شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا،اس سے قبل وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔

وزیراعظم گورنر ہاؤس میں امن وامان پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے علاوہ کراچی پیکیج پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے،جس میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی سمیت دیگر حکام شرکت کریں گے۔

تازہ ترین