• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوسنیا ئی مسلمانوں کے قتل میں ملوث سابق فوجی کی عدالت میں خودکشی

Former Military Man Who Involved In The Massacre Of Bosnian Muslims Suicide In Court

بوسنیا میں ہزاروں مسلمانوں کے قتل عام اور زیادتی پر جنگی جرائم کے مرتکب ٹھہرائے جانے والے کروشیا کے سابق وزیر دفاع اور فوجی کمانڈر نے عدالت میں سماعت کے دوران زہر پی کر خود کشی کرلی۔

Bosnian-Massacre222

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دی ہیگ میں قائم ’’عالمی فوجداری ٹریبونل برائے سابق یوگوسلاویہ‘‘ میں بوسنیائی جنگ کے حوالے سے مقدمے کی سماعت جاری تھی کہ کروشیا کے سابق وزیر دفاع اور کروشین ڈیفنس کونسل کے کمانڈر 72 سالہ سولبوڈان پرالجاک نے سزا کے خلاف اپنی اپیل مسترد ہونے پر بوتل میں موجود زہر پی لی۔

یہ دیکھ کر جج نے فوری طور پر عدالتی کارروائی روک دی اور ایمبولنس منگوانے کی ہدایات جاری کیں۔ سولبوڈان نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے زہر پی لیا ہے، میں جنگی جرائم کا مرتکب نہیں، میں اس فیصلے کو مسترد کرتاہوں‘‘۔ججز نے یہ سن کر کہا کہ وہ کارروائی روک رہے ہیں جس کے بعد سولبوڈان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ کروشیا کی سرکاری ٹی وی نے بھی سولبوڈان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

خیال رہے کہ بوسنیا کی جنگ کے دوران ہونے والے قتل عام اور دیگر مظام کی بنیاد پر سولبوڈان سمیت 6 سابق سیاسی و عسکری حکام کو 2013 میں 20 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کررکھی تھی تاہم اپیل مسترد ہونے کا سنتے ہی انہوں نے زہر پی لیا۔Bosnian-Massacre333

سولبوڈان پر الزامات تھے کہ انہوں نے 1993 کے موسم گرما کے دوران یہ اطلاع ملنے کے باوجود کہ فوج بوسنیا کے علاقے پروزور میں موجود مسلمانوں کا محاصرہ کررہی ہے،قتل عام کا خدشہ ہے، عالمی اداروں کے ارکان پر حملوں، تاریخی عمارتوں اور مساجد پر حملوں کی اطلاعات ہونے کے باوجود انہوں نے اسے روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

خیال رہے کہ اسی ٹریبونل نے گزشتہ ہفتے بوسنیا ئئی جنگ کے دوران سرب فوج کے کمانڈ کرنے والے راتکو مالدیچ المعروف ’’بوسنیا کے قصاب‘‘ کو نسل کشی اور جنگی جرائم کا مجرم ٹھہراتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

تازہ ترین