• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقی محبت کی حقیقی کہانی، ششی کپورکی زندگی سے جڑے کچھ راز

پہلی نظر کے پیار کے سہارے ششی کپور نے پوری زندگی گزار دی۔ انہیں آسٹریلیا کی ایک نوجوان لڑکی جینفر سے پیار تھا، انہی سے شادی کی اور جب 1984 میں کینسر جیسے موذی مرض نے جنیفر کی جان لی تو بھی ششی کپور نے کسی کی جانب ہاتھ نہیں بڑھایا اور مرتے دم تک بیوی سے ہی وفادار رہے۔

ششی کپور بالی ووڈ کے شہرہ آفاق فنکار تھے جنہوں نے پیر کی شام اس دنیا میں آخری سانس لی اور آج یعنی منگل کی دوپہر ممبئی میں ان کی آخری رسومات اداکردی گئیں۔ انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد آتش کیا گیا۔ ان لمحات کی ویڈیو اس خبر سے منسلک ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہیں جو ایک بھارتی چینل کی جانب سے براہ راست دکھائی گئیں۔

ششی کپور طویل عرصے سے صاحب فراش تھے۔ انہوں نے 79 سال کی عمرپائی۔ ان سالوں میں ان کی زندگی کے کئی راز ایسے تھے جو بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ یہ راز ہم اپنے قارئین کی دلچسپی کے لئے شائع کررہے ہیں۔

ششی، کپور خاندان کی ایسی واحد شخصیت ہیں جنھوں نے غیر ملکی لڑکی سے شادی کی۔ ان کی داستان محبت بھی کافی دلچسپ اور خوبصورت ہے۔ اس کی شروعات 1956 کے ان دنوں میں ہوئی تھی جب ششی کپور اپنے والد کے ساتھ کلکتہ تھیٹر میں پلے کیا کرتے تھے۔

ششی کپور کا وہ پلے دیکھنے والوں کو اتنا پسند آیا ہے کہ سب نے ہی اسےطول دینے کی ڈیمانڈ دی ہوا بھی ایسا ہی۔ اس دوران ششی کپورکئی دنوں سے لگاتار ایک بےحد خوبصورت لڑکی کو دیکھتے تھے جو ہال میں سب سے آگے والی لائن میں ایک سیٹ پر بیٹھا کرتی تھی۔ ششی کپور کو یہ لڑکی ایک ہی نظر میں بھا گئی تھی۔

یا یوں کہیے کہ انہیں پہلی نظر والا پیار ہوگیا تھا۔ یہ لڑکی کوئی اور نہیں بلکہ جینیفر ہی تھیں۔ ششی کپور نےان سے اظہارمحبت کا ارادہ کرلیا تھا۔ اس کے لیے انہوں نے اپنے کزن کا سہارا لیا۔

ششی کپور نے انہیں اپنے پہلے پیار کے بارے میں بتایا اور ملوانے کے لیے ایک میٹنگ رکھنے کا بھی پلان بنایا۔ اس دوران انہیں پہلی بار جینیفر سے ملنے کا موقع ملا۔ ششی کپور پہلی ملاقات کے دوران کافی گھبرا رہے تھے لیکن جینیفر کیونکہ اس بات سے بے خبر تھیں اسی لیے اس ملاقات کے دوران وہ بالکل نارمل تھیں۔ چاہنے کے باوجود ششی اظہار نہ کرسکے اور یوں ہی واپس چلے گئے۔

جینیفر اپنے دوستوں اور گروپ کے ساتھ ان کا پلے دیکھنے آنے لگیں اور یوں دونوں کی ملاقاتیں بھی بڑھنے لگیں۔ بلاخر جینیفر کو بھی ششی کپور بھا گئےاور دونوں کو ایک دوسرے سے پیار ہوگیا۔

ان کے افیئر کے بارے میں پتہ چلنے پر گھر والوں کا کہنا تھا کہ اُڑنے سے پہلے ہی ششی کپور کے پر بندھ گئے۔ ششی کپور باقی گھروالوں کے مقابلے میں کافی شرمیلے تھے۔

میڈیا کو دئیے ایک انٹرویو میں ششی کپور نے بتایا تھا کہ انہیں جینیفر کا ہاتھ پکڑنے میں بھی کافی وقت لگ گیا تھا۔ ایک دن وہ جینیفرکے ساتھ ایک لوکل ٹرین میں سفر کر رہے تھے۔ اس وقت ان کی آمدنی کافی کم تھی جس کے سبب وہ دونوں لوکل ٹرین میں ہی سفر کیا کرتے تھے۔ ششی، جینیفر کو اپنی گاڑی میں گھمانا تو دور کی بات کسی اچھے ہوٹل میں کھانا بھی نہیں کھلا سکتے تھےاور مستقبل سے بھی بے خبر اور بے یقینی کا شکار تھے۔

ایک دن ان کے بڑے بھائی نے انہیں جینیفر کو گھر پر بلانے کے لیے کہا۔ گھر والوں کے ڈر کے باعث وہ انہیں اپنے گھر تو نہیں بلا سکے لیکن وہ انہیں اپنے بھائی کے گھر ہی لے گئے۔

ششی کپور کی بھابھی گیتا کو تو جینیفراتنی پسند آگئیں کہ وہ ششی کو اپنی گاڑی اور پیسے دے دیا کرتی تھیں تاکہ وہ جینیفر کے ساتھ گھوم پھر سکیں لیکن ششی کپور کا شرمیلا انداز جینیفرکو بہت برا لگتا تھا اور وہ اس سے کافی پریشان تھیں۔

ایک دن جینیفرنے انہیں کہہ دیا کہ ان کا یہ انداز انہیں پسند نہیں۔ اس کے بعد ششی کپور نے اپنے بھائی سے بات کی کہ وہ اپنے والد سے ان کے رشتے کی بات کریں۔

کافی مشکل سے انہوں نے اپنے والد کو منایا کیونکہ پرتھوی راج نہیں چاہتے تھے کہ ان کے گھر ایک غیر ملکی لڑکی آئے۔ مگر آخرمیں وہ بیٹے کی خوشی کی خاطر اس شادی کے لیے مان گئے۔

جینیفر کے والد نے شادی کے لیے دو سال کا وقت مانگا اور دو سال گزرجانے کے بعد انہوں نے اس شادی سے منع کردیا۔ جینیفر نے اپنے والد سے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ ششی کپور سے شادی کرنا چاہتی ہیں بھلے ہی وہ اس کے خلاف ہوں۔

اس کے بعد سال 1958 میں ششی کپور نے جینیفر کے ساتھ بھارتی رسم و رواج کے ساتھ شادی کرلی۔

جینیفر، ششی کپور سے عمر میں تو بڑی تھیں ہی لیکن ان کا بہت خیال بھی رکھتی تھیں۔ جینیفر ششی کو شراب سے بھی دور رکھتی تھیں۔

جینیفر نے ششی کپور سے شادی تو کرلی لیکن ان سے اپنی زندگی کا سب سے بڑا راز چھپایا اور وہ یہ تھا کہ انہیں کینسر تھا۔ 7ستمبر1984میں ان کا انتقال ہوگیا۔

ان کے انتقال کے بعد ششی کپور نے بیوی کاعہدہ اور کسی کو نہیں دیا اور اپنی ساری زندگی جینیفرکے ساتھ گزارے لمحوں کی یاد میں گزاری۔

ششی کپور اور جینیفرکے تین بچے ہیں۔

تازہ ترین