• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ماہر نباتات نے ’سائنسدانوں کا آسکر‘ جیت لیا

American Specialists Planted Scientists Oscar

امریکا کے سالک انسٹی ٹیوٹ فار بائیولوجیکل سائنسز کی معروف خاتون سائنسدان 61؍ برس کی جو این کوری کو 2018ء کا بریک تھروُ پرائزز ایوارڈ دیا گیا ہے۔

انہیں یہ ایوارڈ ماحولیاتی آلودگی سے لڑنے والے پودے ایجاد کرنے پر دیا گیا ہے، انہیں انعام کے طور پر 30؍ لاکھ ڈالرز بھی دیئے جائیں گے۔

سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابقسائنسدانوں کیلئے یہ ایوارڈ انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے اور اسے اکثر سائنسدانوں کا آسکر بھی قرار دیا جاتا ہے جو سائنس کے شعبے میں اہم ترین خدمات انجام دینے والوں کو ان کی شاہکار ایجادات پر دیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایوارڈ دینے کا سلسلہ فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ اور گوگل کے بانی سرگئی برین سمیت سلیکون ویلی میں قائم مختلف ٹیکنالوجی کمپنیوں نے 2012ء میں شروع کیا تھا جس کا مقصد بریک تھرو ایجادات پر سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، یہ ایوارڈ خصوصی طور پر لائف سائنسز، بنیادی فزکس اور ریاضی کے شعبے میں دیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 30؍ سال سے دنیا کی خدمت کیلئے جو تحقیق جو این کوری نے کی اس کیلئے انہیں یہ ایوارڈ دینا ضروری تھا۔

رپورٹ کے مطابق، وہ ایسے پودوں پر کام کر رہی ہیں جو نہ صرف خوراک کیلئے کام آتے ہیں بلکہ ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ ختم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

جو این کوری کا کہنا ہے کہ ایک دن ضرور آئے گا جب قحط، خشک سالی اور سیلاب کیخلاف مزاحمت رکھنے والے یہ پودے خوراک کے طور پر دنیا بھر میں اگائے جائیں گے، یہ پودے روایتی پودوں کے مقابلے میں 20؍ فیصد زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ ختم کرتے ہیں اور ان کا ذائقہ چنے جیسا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پودوں کے حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے جس پر 5؍ کروڑ ڈالرز اور دس سال خرچ ہوں گے۔

تازہ ترین