بھارت کی کانگریس پارٹی نے اپنے سینئر رکن مانی شنکر آئر کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے، اسکی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو نیچ کہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب کانگریس کے متوقع صدر راہول گاندھی نے مانی شنکر آئر کے اس ریمارکس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور وزیراعظم مودی کانگریس پارٹی اور اسکے لیڈروں کے لیے انتہائی سخت اور غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں ۔
مگر ہم اس کلچر کو فروغ نہیں دینگے، اوراپنے رکن پارلیمنٹ مانی شنکر آئر سے کہیں گے کہ وہ وزیراعظم سے اس سخت جملے پر معذرت کریں۔
مانی شنکر آئر کا کہنا ہے کہ ہندی میری مادری زبان نہیں اور نیچ میں نے نچلے کا م کے حوالے سے کہا۔ میرا مطلب پیدائشی کمتری نہیں ہے، لیکن اگر اسکے باوجود اس لفظ پر اعتراض ہے تو میں وزیراعظم سے معذرت خواہ ہوں۔
دریں اثنا وزیراعظم مودی نے سورت میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گجرات کا وزیراعلیٰ رہا اور اب وزیراعظم ہوں مگر میں نے کوئی ایسا شرمناک کام نہیں کیا، جس پر میرے لیے ایسے الفاظ استعمال کیے جائیں ۔تو پھر ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔