• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس کا ’’نئی انتفادہ‘‘ کا اعلان، حزب اللہ کی حمایت

Hamas Announce New Infada Hezbollah Also Support

لبنانی تنظیم حزب اللہ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے امریکی فیصلے کے خلاف حماس کی جانب سے نئی انتفادہ تحریک کے اعلان کی حمایت کردی۔

لبنانی ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نےکہا کہ سب سے اہم اقدام فلسطینی انتفادہ اور اسلامی ملکوں کا سربراہ اجلاس ہوگا جس میں یروشلم کو فلسطین کا ابدی دارالحکومت قرار دیا جائے۔

انہوں نے نئی فلسطینی انتفادہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت بڑھائی جائے گی جو امریکی فیصلے کا بھرپور اور سخت جواب ہوگی۔

حسن نصراللہ نےصدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف مزاحمت پرمسلم امہ کے اتحاد اورحمایت کی ضرورت پر زوردیا۔

حسن نصراللہ نے کہاکہ واشنگٹن نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع میں ضامن ہونے کے باجود فلسطینیوں کو نظرانداز کیا اور ٹرمپ نے اپنے اعلان میں اسرائیل کو بتایا ہے کہ یروشلم تمہارا ہے اور تمہاری حاکمیت کے تحت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مسلمان اورمسجد الاقصیٰ سمیت ان کے مقدس مقامات کو اب ’’ انتہائی خطرہ‘‘ ہے۔

اس سے قبل حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے امریکی اقدام کے جواب میں نئی انتفادہ کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

غزہ میں میں عوام کے اجتماع سے خطاب اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ یہ تحریک بیت المقدس اور مغربی کنارے کی آزادی تک نہیں رکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اور فلطینیوں کو لاحق اسٹرٹیجک خطرات سے نمٹنے کے لئے حماس کے تمام ارکان اور ونگز کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

چین نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت مانتا ہے۔

دوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے امریکی فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں ممکنہ امن عمل میں روکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں۔

غرب اردن اور غزہ میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان چھڑپوں میں16فلسطینی زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ کی پٹی میں بمباری بھی کی، فوجی کارروائی میں جنگی طیارےاور ٹینک کا استعمال کیا گیا، صیہونی فوج نے دعویٰ کیاہےکہ مذکورہ کارروائی غزہ سے حماس کی جانب سے داغے گئے ایک بارودی گولے کے بعد کی گئی۔

تازہ ترین