• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم اور ٹی وی کی مشہور اداکارہ رانی کے مداح آج ان کی 71ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

آٹھ دسمبر1946ء کو لاہور میں جنم لینے والی رانی کا اصل نام ناصرہ تھا مگر1962ء میں انہوں نے رانی کے نام سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور تا دم مرگ اپنے تمام کرداروں کو خوبصورتی سے نبھایا۔

اداکارہ رانی جب اپنے کردار میں ڈوب کر جذبات کا اظہار کرتیں تو چہرہ ان کا سچا ترجمان بن جاتا تھا۔

تمام پاکستانی گلوکاروں کا ماننا ہے کہ فلم انڈسٹری میں جن فنکاروں کو گانے کی عکس بندی میں مہارت حاصل تھی رانی ان میں سرفہرست تھیں۔

ان کی یادگار فلموں میں انجمن، تہذیب، امراؤ جان ادا، ثریا بھوپالی، بہارو پھول برساؤ اور ناگ منی شامل ہیں جبکہ فلم کے بعد انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی یاد گار کردار ادا کیے جنہیں عوام میں بڑی مقبولیت حاصل ہوئی۔

اداکار رانی نے ہدایت کار حسن طارق سے علیحدگی کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے بھی شادی کی تھی۔

لاکھوں دلوں کو موہ لینے والی اداکارہ رانی کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد 27 مئی1993ء کو 46برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔

وہ ایک اعلیٰ پائے کی فنکارہ تھیں جن کے ذکر کے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی۔

تازہ ترین