• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش برسانے والا مغربی سسٹم ملک میں داخل

Western Rain System Enters In The Country

بارش برسانے والا مغربی سسٹم ملک میں داخل ہوگیا، سندھ کے شہروں لاڑکانہ اور خیرپورمیرس میں بادل برسنے لگے۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بدھ تک برسات کی پیش گوئی کی ہے۔ مری اور گلیات میں اگلے دو روز میں برفباری ہوسکتی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں سردی پھر بڑھنے کا امکان ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش جاری ہے،کہیں رم جھم توکہیں تیزبارش سے سردی بھی بڑھ گئی ہے گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بھی گہرے بادلوں کا راج ہے۔

لاڑکانہ،بدین،خیرپور،پڈعیدن،سانگھڑ ،کندھ کوٹ سمیت سندھ کے کئی شہروں میں کالے بادل آئے اور برس پڑے اس طرح موسم سرما کی پہلی بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنایا وہیں ٹھنڈا ٹھار بھی کردیا۔

چھٹی کے روز ٹھنڈے موسم کا مزہ لینے کےلیے شہریوں نے گرما گرم کھانوں کے دکانوں کا رخ کرلیا۔

گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گا جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے یعنی سردی مزید بڑھنے والی ہے ۔

تازہ ترین