• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدارا ! پاکستان پر رحم کرو، حمزہ شہباز کی عمران خان پر تنقید

Hamza Shahbaz Criticizes Imran Khan Show Mercy On Pakistan

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کی ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے لاہورمیں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدارا! پاکستان پر رحم کرو، کبھی کہتے ہو اس سے جان چھوٹے، کبھی کہتے ہو اس کو نااہل کرو، کہتے ہو کہ تمہاری باری آئے گی، خدارا! پاکستان کی باری آنے دو ۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عوام کو ووٹ دینے کا موقع ضرور ملنا چاہیے، خدانخواستہ 2018ء میں الیکشن نہ ہوئے تو بہت افسوسناک ہوگا۔

انہوں نے مزبد کہا کہ میٹرو کو جنگلا بس کہنے والے کو اب پشاور میں میٹرو بنانا یاد آیا ہے،350 ڈیم بنانے کے دعویدار عمران خان نے ایک بھی ڈیم نہیں بنایا۔

حمزہ شہباز نے اپنی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں بروقت انتخابات نہ ہوئے تو ملک پھر اندھیروں میں چلا جائے گا۔

ان کا کہناتھا کہ فخر ہے ایسے باپ کا بیٹا ہوں جس کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،دہشت گردی ختم کرنے کےلیے تعلیم عام کرنا ہوگی۔

مسلم لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عوام دھرنوں اور گالی گلوچ کی زبان پسند نہیں کرتے،ٹوٹی پھوٹی جمہوریت آمریت سے کہیں بہتر ہے،انتخابات وقت پر کرائے جائیں اور فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے، ورنہ ترقی کا سفر رک جائے گا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب علم دوست ہیں، اب تک چار لاکھ 26 ہزار بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کر چکے ہیں،طالب علموں کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ ان کی تعلیمی ضروریات کے لئے ناگزیر ہے۔

اس موقع پر میٹر ک کے امتحانات میں 91فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔

ہونہار طالب علموں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے لیپ ٹاپ کی صورت میں انہیں الہٰ دین کا چراغ دے دیا ہے، جس سے وہ جب چاہیں اپنی تعلیمی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین