• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل ہو گا ،احسن اقبال

Karachi Circular Railway Will Be Completed Under C Pack Ahsan Iqbal

سی پیک پارلیمانی کمیٹی کے اجلا س میں بتایا گیاہے کہ کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل کیاجائیگا جس کی منظوری دے دی گئی ہے،اسی طرح کے منصوبے کوئٹہ اور پشاور میں بھی مکمل کیے جائیں گے ۔

مشاہدحسین سید کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میںشرکاء کوآگاہ کیاگیا کہ سی پیک کا اگلا طویل مدتی مرحلہ ملک سےغربت کے خاتمے،زراعت کی ترقی،سیاحت،ثقافت،تعلیم اور لوگوں کےمعیار زندگی میں بہتری پرمشتمل ہو گا۔

ان منصوبوں کی تکنیکی فیزیبلٹی رپورٹس کے بعد دوبارہ جائزہ لیاجائیگا،اجلاس کے شرکاء کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے سی پیک کے طویل مدتی پلان پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پیک کی جے سی سی کمیٹی نے طویل مدتی پلان کی منظوری دے دی ہے۔

اس پلان پر دونوں طرف سے ڈیڑھ سال تک مشاورت ہوتی رہی اور صوبوں کے ساتھ بھی پلان کو شیئرکیاگیا،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے مقامی لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بنایاجائیگا، زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے چین سے جدید ٹیکنالوجی لائی جائیگی،مکران کے ساحلی علاقوں کو ترقی دے کر سیاحت کوفروغ دیا جائیگا، تعلیم اور ثقافت کے فریم ورک کے تناظر میں پاکستان اور چین کے مابین وفود کے تبادلے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ آئندہ برس جنوری میں پاکستانی برآمدکنندگان کاوفد چین جائے گا اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کے مواقع تلاش کرے گا،مارچ 2018میں گوادرایئر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھاجائے گا۔

وفاقی وزیرنے کمیٹی کوبتایاکہ میڈیامیں آنے والی ان خبروں میں صداقت نہیں کہ تین انفراسٹرکچر منصوبوں کی منظوری نہیں دی گئی انہوں نےکہا کہ چین ان منصوبوں کے مالیاتی میکنزم کا دوبارہ جائزہ لے رہاہے اور چین کی جانب سے منظوری کے فوراً بعد کام شروع کردیا جائیگا۔

کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کے تحت مکمل کیاجائیگا جس کی منظوری دے دی گئی ہے،اسی طرح کے منصوبے کوئٹہ اور پشاور میں بھی مکمل کیے جائیں گے ،ان منصوبوں کی تکنیکی فیزیبلٹی رپورٹس کے بعد دوبارہ جائزہ لیاجائیگا،پارلیمانی کمیٹی کو وزارت پانی وبجلی نے سی پیک کے پہلے مرحلے کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

تھرکول منصوبہ جون 2019میں فعال ہو جائیگا، پورٹ قاسم پاور پراجیکٹ فروری 2018میں مکمل ہوگااور 1320میگاواٹ کاحبکو پاور پراجیکٹ، 870میگاواٹ کا سکی کناری ہائیڈرو پروجیکٹ اور 720میگاواٹ کا کروٹ پاور پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو ں گے،کمیٹی نے پہلے مرحلے کے منصوبوں پر پیش رفت اورگوادر بندرگاہ کی ترقی پر اطمینان کااظہارکیا۔

تازہ ترین