• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Zimbabwe Lost Money Canceled Cricket Matches

زمبابوے کرکٹ کا مالی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا۔ بورڈ حکام نے رقم کی کمی کے سبب موجودہ سیزن میں باقی تمام فرسٹ کلاس میچز منسوخ کردئیے ہیں۔ بورڈ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے۔

چھ دسمبر کوزمبابوے کرکٹ بورڈ کے اسٹاف کو جاری کئے گئے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بورڈ مالی بحران کا شکار ہے جس کے سبب نومبر کی تنخواہ 50 فیصد ادا کی جائے گی جبکہ دسمبر کی تنخواہ بعد میں دی جائے گی ۔

زمبابوے کرکٹ اس وقت دسمبر کیلئے فنڈز بچانے کی کوشش میں ہے مگر اس کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی ۔

ذرائع کے مطابق زیادہ امکانات یہی ہیں کہ دسمبر کی تنخواہیں وسط جنوری 2018 تک ادا کی جائیں گی ۔

دوسری جانب زمبابوے کرکٹ کے کچھ اسٹاف کو سال کے آخر تک کام کرنے کی ہدایات بھی کی گئیں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ مارچ میں ورلڈ کپ کوالیفائر ز کیلئے سہولیات تیار رہیں ۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ پانچ کرکٹ اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش پر کام کر رہا ہے۔ جس میں ہرارے اسپورٹس کلب ،اولڈ ہرارینز ، کوئین اسپورٹس کلب ،بلاوائیو ایتھلیٹک کلب اور کیوکیواسپورٹس کلب شامل ہیں جبکہ ٹاکاسنگھا کرکٹ کلب اور اولڈ میوچل ہیلتھ اسٹریک اکیڈمی کو پریکٹس کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔

ان کاموں میں میدان میں نئ گھاس لگانا ،عارضی ڈھانچے کی تعمیر اور مرمت اور کمروں اور میڈیا سینٹرز کو تیار کرنا ہے ۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیم کا دورہ زمبابوے آج کل میں ہی متوقع ہے ۔دورے کا مقصد انتظامات کا جائزہ لینا ہے ۔

واضح رہے کہ لوگان کپ کے دو میچز اور دسمبر 10 سے 18 تک ہونیوالے میچز منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔

تازہ ترین