• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پبلک سروس کمیشن کی پاکستانی ویب سائٹ سے سوالات نقل کئے

Public Service Commission Paper In India

بھارت کی ریاست ارونا چل پردیش میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں نصف سے زیادہ سوالات پاکستان کی ایک ویب سائٹ سے نقل کیے گئے ہیں ۔

بھارتی اخبارکی رپورٹ کے مطابق جس ویب سائٹ سے یہ سوالات نقل کیے گئے ہیں وہ پاکستان میں سول سروس امتحانات کے لیے مواد اور معلومات فراہم کرتی ہے ۔ کچھ سوالات 2008 کےیونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانوں سے نقل کیے گئے ہیں ۔

اخبار کے مطابق سماجیات کے نوے فیصد سوالات مبینہ طور پر ایک آن لائن ڈسکشن فورم سے لے گئے تھے ، عمومی تاریخ ، سماجیات اور سیاسیات کے کچھ سوالات غیر ملکی تناظر میں تھے ۔

ایک امیدوار کا کہنا تھا کہ جب ہم نے کراس چیک کیا تو معلوم ہواکہ یہ سوالات توپاکستانی ویب سائٹ سے نقل کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امتحانات کے زیادہ تر پیپرز فوٹو کاپی تھے۔پرچہ جات مرتب کرتے وقت کاپی پیسٹ سے کام لیا گیا جو کہ غیر قانونی عمل ہے ۔اس سے ریاست میں ایک تنازع کھڑا ہو گیا اور دوبارہ امتحانات لینے کا مطالبہ کیاجا رہا ہے۔

دوسری جانب پبلک سروس کمیشن کے سیکریٹری کا کہنا ہے پرچہ جات کی جانچ کی جا رہی ہے اگر ان میں کوئی غلطی یا کوتاہی ثابت ہوئی تو کمیشن جلد اس بارے لائحہ عمل دے گا ۔

2015میں بھی اروناچل پردیش ریاست کے پبلک سروس کمیشن کے مقابلے امتحانات کے پرچے آؤٹ ہوگئے تھے جس پر چار افسران کو معطل کر دیا گیا تھا ۔

تازہ ترین