• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے اور قبائلی بھائیوں کے جذبات کی پیروی بھی کرے گی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا کے وفود سے ملاقات کی انہوں نے فاٹا عمائدین اور یوتھ جرگہ کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں انہیں یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج قبائلی بھائیوں کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں سے دہشت گردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کیا جارہا ہے، فاٹا میں استحکام کو پائیدار امن میں بدل رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون پر قبائلی عمائدین اور نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے قبائلی وفود کے خیالات قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ فاٹا کے بہادر اور غیور عوام کی قربانیوں سے حاصل کامیابیوںکو مزید مستحکم کیا جارہا ہے،ملک پائیدار امن کی جانب گامزن ہے۔

 

انہوں نے پاک افغان سرحد پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات ،باہمی تعاون کے حوالے سے افغان قیادت سے ہوئے مذاکرات کی تفصیلات سے بھی وفود کو آگاہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ فاٹا اور پاکستان میں امن اور ترقی کے لیے کردار ادا کریں، ملک کی مستقبل میں باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ ہی میں ہوگی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فاٹا کے دونوں وفود نے اس حوالے سے پاک فوج کی قربانیوں، کاوشوں اور کردار کو سراہا۔

تازہ ترین