• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں رواں ماہ دسویں عالمی اردو کانفرنس منعقد ہوگی

کراچی میں رواں ماہ دسویں عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد 21 سے 25 دسمبر کراچی آرٹس کونسل میں کیا جائے گا ، جس میں اردو ادب، شاعری، غزل، مصوری، موسیقی، رقص، تھیٹر سمیت دیگر اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

دسویں عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد سے قبل کراچی آرٹس میں ایک تعارفی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت آرٹس کونسل کے صدرمحمد احمد شاہ نے کی۔

تقریب میں ان کے ہمراہ آرٹس کونسل کے سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی سمیت گورننگ باڈی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس سے متعلق احمد شاہ نے بتایا کہ اس سال ماہ دسمبر کی مناسبت سے ہم نے اس اردو کانفرنس کو چار روزکے بجائے پانچ روز پر محیط کیا ہے اور کانفرنس کے آخری دن 25 دسمبر قائد اعظم کی سالگرہ کی مناسبت سے ’قائد اعظم کا پاکستان ‘ کے عنوان سے مرکزی سیشن اپنی کانفرنس کا حصہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، ترکی، جاپان، مصر ، اسکاٹ لینڈ کے علاوہ پڑوسی ملک ہندوستان سے بھی نامور شخصیات اور شعراء شرکت کریں گے۔

صدرآرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ اس سال کانفرنس میں ہم نے ایک خصوصی ’شو ریل‘ تیار کی ہے جس میں اردو ادب کی ان نامور شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جو ماضی میں اردو کانفرنس کا حصہ ہوتی تھیں تاہم وہ اب ہم میں نہیں رہیں۔

تازہ ترین