• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، وزیر اعظم

Elections To Be Held On Fixed Time Pm

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خدشات کو رد کردیا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے،اگر کسی کو احتجاج کرنا ہے تو الیکشن میں آ جائے، وہاں عوام فیصلہ کریں گے۔

خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ان شاء اللہ الیکشن جولائی میں ہوں گے۔

وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ن لیگ کے رہنماؤں کی لندن میں اہم بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے رہے تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسن نوازاور مریم نواز بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ،آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی ۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات خوش کن نہیں ہیں، اس طرح کے فیصلے آتے ہیں تو قوموں کے لیے انتشار کا باعث بنتے ہیں، سب دیکھ رہے ہیں کہ ملک بدحالی کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کل بجلی طلب کے مقابلے میں زیادہ ہوگئی ہے، دہشت گردی کو بہت حد تک کم کردیا تھا، اب دہشت گردی پھر سر اٹھانے لگی ہے، سی پیک کے منصوبے اس رفتار سے آگے نہیں بڑھ رہے، جیسی توقع تھی۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اس ملاقات کے حوالے سے کہنا ہے کہ لندن میں نواز شریف سے سینیئر رہنماؤں کی ملاقاتاچھی رہی ، جس میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکمت عملی پر فیصلے کیے گئے۔

لندن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نوازشریف، وزیرخارجہ خواجہ آصف، مریم نواز، سلمان شہباز نے اہم ملاقات میںاتفاق کیا کہ نوازشریف عدالتوں میں پیش ہوتےرہیں گے،ناانصافی کیخلاف آوازبلند کرتےرہیں گے۔

لندن میں ہونے والی اہم ملاقات کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ نوازشریف، ان کےخاندان کےخلاف مقدمات کی وجہ سیاسی ہے، نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف مقدمات ن لیگ کی 4سالہ کارکردگی کو نقصان پہنچانے کے لئے ہے۔

نوازشریف، ان کی جماعت اقامہ کے غلط فیصلے کو اجاگر کرتی رہے گی، عدالت نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف کرپشن، عوامی فنڈکے غلط استعمال کوثابت کرنےمیں ناکام رہی۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نوازشریف کےخلاف اقدام سیاسی تھا، جےآئی ٹی نےسیاسی جماعت کاکر دار ادا کیا، نوازشریف کا غلط عدالتی فیصلے کو اجاگر کرنا کسی ادارے پر حملہ نہیں ہے، غلط عدالتی فیصلے کے خلاف آواز اٹھانا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، اداروں سےتصادم کی باتیں کرنے والے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں، نوازشریف کی نااہلی پاکستان کےلیے نقصان دہ ہے۔

میٹنگ میں طےکیاگیاحالیہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے کویقینی بنایاجائے، جمہوری نظام کےخلاف باتیں کرنے والوں کو کامیابی نہیں ملےگی، جمہوری طریقوں سے تمام خطروں اور منصوبوں کو ناکام بنا دیا جائے گا، جمہوری ڈائیلاگ کو بہتر بنانے کیلئے ہر کوشش کی جائے گی۔

میٹنگ میں اتفاق کیا گیا کہ پنجاب میں شہبازشریف کی کارکردگی ترقی کارول ماڈل ہے،سیاسی دشمن مسلم لیگ ن کی وجہ سے پنجاب میں ترقی سے خوش نہیں ہیں، آئندہ انتخابات کیلئے جلد بڑے پیمانے پرعوامی اجتماعات شروع کئے جائیں گے، فاٹاکومرکزی دھارےمیں لانےکےمعاملےکو تمام اسٹیک ہولڈرزسےمذاکرات کےذریعےترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائےگا،مسلم لیگ ن نے2013ء میں عوام سےکئے وعدے پورے کئے،پاکستان کےپاس توانائی سرپلس ہے، جو ایک سنگ میل ہے۔

میٹنگ میں پاک فوج شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پاک فوج کےشہدا کی قربانیوں کی وجہ سے مضبوط ہے۔

تازہ ترین