• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت تنائو کھیل کے ذریعے ختم ہوسکتا ہے: بھارتی سیپک کوچ

Tension Between Pakistan And India Can Be Removed Through Sport Sepak Indian Coach

بھارتی سیپک ٹاکرا ٹیم کے کوچ بی اے شرما اور منیجر ہمراج کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو صرف اور صرف کھیل کے ذریعے ہی ختم ہوسکتاہے۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر دونوں ملک اپنی نوجوان نسل کی بقاء چاہتے ہیں تو اختلافی معاملات ختم کرکے فوری ایک دوسرےکے ملکوں میں کھیلوں کاآغاز کریں،ایک زمانے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ہوتی تھی تو بھارت میں جشن کا سماں ہوتا تھا، سیپک ٹاکرا مقابلوں کیلئے پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے تعلقات بحال ہونے چاہئیں ہم ہی نہیں بلکہ بھارت میں کھیلوں سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس مین اور عوام کی خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مقابلے ہوں، اس کا آغاز سیپک ٹاکرا سے ہی کیا جائے تاکہ دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام جائے۔

بھارتی کوچ نے کہا کہ ہم پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں اس کیلئے ہم اپنے بڑوں سے بات کریں گے اور چاہیں گے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیل کے رابطے کو بحال کرے،اسنوکر اور کبڈی کھلاڑی بھی پاکستان جاچکے ہیں اس لئے ہماری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیپک ٹاکرامقابلے کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک زمانے میں جب پاکستانی ٹیم انڈیا کرکٹ کھیلنے آتی تھی تو عوام جوک درجوک کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کرتے تھے اوربہت سے لوگ تو ٹکٹ نہ ہونے کے باوجوداسٹیڈیم کے باہر میچ ختم ہونے کا انتظار کرتے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب رہتے تھے، کاش دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کا سلسلہ مکمل طور پر ایک بار پھر کھل جائے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ سے ایک ماہ قبل بنکاک آئی تھی اور کھلاڑیوں نے یہاں ہی ٹریننگ حاصل کی جس کا مثبت نتیجہ نکلا ہے، یہ کھیل ہمارے ملک میں مقبولیت حاصل کررہاہے۔

تازہ ترین