• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چار روزہ ٹیسٹ میچ کا ہر دن 98اوورز پر مشتمل ہو گا،آئی سی سی

In Four Days Test Match Per Day Depend On 98 Over

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ چار روزہ ٹیسٹ میچ کا ہر دن 98اوورز پر مشتمل ہو گا۔

آئی سی سی نے تاریخ کے اولین ’’چار روزہ ٹیسٹ‘‘ میچ کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز کا بھی اعلان کیا ہے جس کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں پورٹ الزبتھ میں زمبابوے اور جنوبی افریقا کے درمیان چار روزہ افتتاحی ٹیسٹ میچ میں ہر دن کا کھیل روایتی طور پر 90 کے بجائے 98 اوورز پر مشتمل ہوگا۔

یہ تعداد مکمل کرنے کیلئے میچ کا یومیہ دورانیہ بھی 30 منٹ بڑھا کر ساڑھے چھ گھنٹے کردیا گیا ہے۔ میزبان ملک کھیل کے گھنٹے اور سیشن کے دورانیے کا تعین کرے گا۔

ہر سیشن کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ سے ڈھائی گھنٹے پر محیط ہوگا۔ پورٹ الزبتھ میں کھیل کا آغاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے سے ہوگا جو مصنوعی روشنیوں میں رات نو بجے تک جاری رہے گا ااور میچ میں گلابی گیند استعمال کی جائے گی۔

پہلا اور دوسرا سیشن دو گھنٹے پندرہ منٹ جبکہ آخری سیشن دو گھنٹے تک چلے گا۔ ہر دن مطلوبہ اوورز مکمل کرنے کیلئے فیلڈنگ ٹیم کو اضافی 30 منٹ فراہم کئے جائینگے۔ اس اضافی 30 منٹ کے علاوہ باقی رہ جانیوالے اوورز کیلئے وقت نہیں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے آزمائشی بنیادوں پر اسے ٹیسٹ میچ کا درجہ دیا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن کا کہنا تھا کہ چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ آزمائشی بنیادوں پر 2019 تک جاری رہے گا ۔جبکہ اس میں شرکت کوئی ضروری نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مختصر ٹیسٹ فارمیٹ نچلے درجوں کی ٹیسٹ ٹیموں کیلئے فائدہ مند ہو گا۔ رچرڈ سن کا کہنا تھا کہ جو کھیلنا چاہے کھیل سکتا ہے۔  

 

تازہ ترین