• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے خاتمے کےلئے حکومت نے کچھ نہیں کیا ، مصطفیٰ کمال

The Government Did Nothing To Eliminate Terrorism Mustafa Kamal

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم ایک کے بعد ایک سانحے کا انتظار کرتے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے 20 میں سے صرف 2یا 3 نکات پر عمل ہورہا ہے ،آج اے پی ایس شہدا کے والدین کے زخم تازہ ہوں گے۔

پاکستان ہائوس میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی بھلائی کیلئے کام کرنیوالی تمام جماعتوں سے بات جاری رکھیں گے،اس سلسلےمیں عمران خان کابھی ان کےپاس فون آیا تھا۔

ان کا مزید کہناتھاکہ کیا ان عوامل پر کام ہوا جن کے بعد دہشت گردی جنم نہ لے ؟تو جواب ہے نہیں،آرمی کےسوا نام نہادجمہوری حکومت نے کچھ نہیں کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اے پی ایس پشاور حملہ اور سقوط ڈھاکا 16 دسمبرکو تاریخ میں دو سانحات ہوئے، نیشنل ایکشن پلان بنایا توگیا مگراس کے20 نکات میں صرف 2 سے 3 پرعمل ہورہا ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ آج بھی ہم نہیں کہہ سکتے کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہوگئی ہے،پاک فوج کے علاوہ نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنا کام نہیں کیا۔

پی ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہم ایک سانحے کے بعد دوسرے سانحہ کا انتظار کرتےہیں،والدین بچوں کو اسکول پڑھنے کیلئے بھیجتے ہیں، شہید ہونے کیلئے نہیں ۔

اس موقع پر سنی تحریک کے ثروت اعجازقادری نے کہاکہ توہین عدالت پر تین وزراء کا استعفیٰ لیاگیا مگر آقا کے ناموس پراحتجاج تک نہیں کیاگیا، انہوں نے کل امریکن قونصل خانے تک مذمتی ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا۔

تازہ ترین