• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے گالی نہیں خدمت کی سیاست کی ، وزیراعظم

Pml N Did Not Serve Abuse Politics Prime Minister

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عوام کی خدمت کے کام کئے ہیں، جھوٹ اور گالی کی سیاست نہیں کی ، فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام پر کسی کو اعتراض نہیں ،یہ کام بھی مسلم لیگ ن کے ہاتھوں ہی انجام پائے گا ۔

کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ یہاں شہر اور مساجد محفوظ نہیں تھیں،ہم نے ملک میں انتشار اور دہشت گردی کا مقابلہ کیا ، آج ملک محفوظ ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ ن لیگ نے سچ اور شرافت کی سیاست کی ،گالی گلوچ کی سیاست پر جلسوں میں چند تالیاں تو بج جاتی ہیں، لیکن یہ سیاست کامیاب نہیں ہوتی ، کہیں بھی چلے جائیں صرف مسلم لیگ ن اور نوازشریف کے کام ہی نظر آئیں گے ۔

شاہد خاقان عباسی نےمزید کہاکہ 15 جولائی 2018ء کو الیکشن میں فیصلہ عوام کریں گے ، 20 سال میں وہ کام نہیں ہوئے، جو4 سال میں کیے،مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جو ترقیاتی کام کرتی ہے ، ہم صرف باتیں نہیں کرتے ۔

انہوں نے خطاب کے دوران استفسار کیا کہ 5 سال پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ، کیا اس علاقے میں اس نے کوئی کام کیا ،ہم ووٹوں کی نہیں خدمت کی سیاست کرتےہیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ تصور نہیں تھا کہ بجلی کبھی پوری ہوگی ، آج بجلی پوری ہوچکی ،فاٹا اصلاحات 3سال کا عمل تھا ، اس کے بعد یہ بل اسمبلی میں گیا ،ہم نے ملک میں انتشار اور دہشت گردی کا مقابلہ کیا ،مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کھڑی ہوگی ، ہمیں کوئی شرمندگی نہیں ہے ۔

ان کا مزید کہناتھا کہ ہم پورے پاکستان میں ہر ہفتے ایک بڑے منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں ،ہم نے کبھی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بھائیوں کو نہیں توڑا ،آج پاکستان دہشت گردی سے پاک ہے ، رہی سہی کسر بھی ہم پوری کردیں گے ۔

تازہ ترین