پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ پاک جاپان بزنس کونسل کے بعد جاپان کے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کاروباری افراد کے لیے جاپان گلوبل بزنس کونسل قائم کریں گے۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا عابد حسین نے کہا کہ افریقہ ، یورپ، دبئی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات نے ان سے رابطہ کیا ہے تاکہ جاپان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دیا جاسکےاور وہ عنقریب پاک جاپان بزنس کونسل کے ساتھ ساتھ جاپان گلوبل بزنس فورم کا قیام بھی عمل میں لائیں گے۔
رانا عابد حسین نےمزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم معروف کاروباری شخصیت رانا شوکت منصور ، محمد خالد چیمہ ، ملک منظور حسین اعوان اور دیگر دوستوں نے رابطہ کرکے جاپان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاپان کی معروف کاروباری شخصیت ملک یونس نے بھی دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات کو جاپان گلوبل بزنس کونسل میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نےبتایا کہ وہ عنقریب پاک جاپان بزنس کونسل کے چیئرمین محمد حسین اینوکی کے مشورے سے نئی تنظیم کا اعلان کریں گے ۔