• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ آج پاکستان پہنچیں گے

Nawaz Sharif And Maryam Nawaz To Return To Pakistan Today

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ آج اتوار لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔

میاں شہباز شریف مزید 2دن لندن قیام کریں گے، نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو ہارلے اسٹریٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹر چوتھے کیموتھراپی سیشن کا فیصلہ کریں گے۔

نوازشریف اور مریم نواز 19 دسمبر یعنی منگل کے دن تینوں ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں نوازشریف کو حاضری سے ایک ہفتے کے لیے استثنیٰ دیا تھا، جس کے بعد وہ لندن روانہ ہوگئے تھے۔

نوازشریف مریم نواز کے ہمراہ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے ہفتہ کی شام 7 بج کر 10 منٹ پر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہو کرآج اتوار کو صبح 8 بجے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ لینڈ کرینگے۔

واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں، احتساب عدالت نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف تینوں ریفرنسز پر سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کو 19 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے۔

آئندہ سماعت پر نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی پیش ہونا پڑے گا کیونکہ سابق وزیراعظم کی استثنی کی مدت 12 دسمبر جبکہ مریم نواز کی 15 دسمبر کو ختم ہو گئی ہےجبکہ ان کے ساتھ مزید 3 گواہ بھی عدالت میں بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

 

تازہ ترین