• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف، مریم نواز لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

Nawaz Sharif Maryam Nawaz Returned Home From London

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔ وہ اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے 5 دسمبر کو لندن گئے تھے ۔

نوازشریف اور مریم نواز کا 19 دسمبر کو تینوں ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کا امکان ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں نوازشریف کو حاضری سے ایک ہفتے کے لیے استثنیٰ دیا تھا، جس کے بعد وہ لندن روانہ ہوگئے تھے۔

نوازشریف مریم نواز کے ہمراہ قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے ہفتہ کی شام 7 بج کر 10 منٹ پر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے اور صبح لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پرواز نے لینڈ کیا۔

قبل ازیں لندن میں نواز شریف نےمیڈیا سے بات چیت میں کہاتھا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمے میں بھی مجھے ہی نااہل کیا جائے گا۔ فیصلے نے ہماری بات سچ ثابت کر دی۔ یہ سودا پاکستان میں نہیں بکے گا۔ انصاف کے دو ترازو نہیں چلیں گے، اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔

تازہ ترین