• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ باس 11کی عرشی خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

Big Boss 11 Arshi Khan Arrested Ordered

بھارت کی ایک مقامی عدالت نے متنازع ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس 11‘ میں شریک اور اسکینڈل کوئین کہلائی جانے والی اداکارہ عرشی خان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر کی مقامی عدالت نے گزشتہ تین ماہ سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر اداکارہ کی گرفتار ی کا وارنٹ جاری کیا۔عدالت نے پولیس کوحکم دیا کہ وہ بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس 11‘ کے اسٹوڈیو میں داخل ہوکر اداکارہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔

خیال رہے کہ عرشی خان پر اپنے جسم پرپاکستان اور بھارت کے قومی پرچم بناکر معاشرے میں فساد پھیلانے کے الزام کے تحت مقدمہ درج ہے۔ان کے خلاف یہ کیس گزشتہ ایک سال سے جاری ہے، عرشی خان کی گرفتاری کے وارنٹ دوسری مرتبہ جاری ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس عرشی خان کی ایسی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں وہ مختصرلباس میں تھیں، جب کہ ان کے جسم پر پاکستان اور بھارت کے قومی پرچم بنے ہوئے تھے۔

عرشی خان افغان نژاد بھارتی ماڈل و اداکارہ ہیں، انہوں نے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ تعلقات کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

ہندوستان ٹائمز نے آئی بی ٹائمز کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جالندھر کے میجسٹریٹ نے عرشی خان کو گرفتار کرکے جلد سے جلد عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب عرشی خان کے میڈیا مینیجر فلینڈ ریمنڈیوس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اسی مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے15جنوری 2018 تک اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، اس لیے پولیس انہیں گرفتار نہیں کرسکتی۔

میڈیا منیجرکے مطابق اگرچہ جالندھر کی عدالت کے حکم کو غیر قانونی نہیں سمجھا جاسکتا، تاہم پولیس اداکارہ کے خلاف 15جنوری تک کوئی ایکشن نہیں لے سکتی۔

خیال رہے کہ عرشی خان رواں برس اکتوبر سے شروع ہونے والے بگ باس کے گیارہویں سیزن میں شرکت کے لیے اسٹوڈیو کے اندر موجود ہیں۔

تازہ ترین