• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف عباسی کی عمران خان کو پھر سپریم کورٹ لے جانے کی دھمکی

Hanif Abbasi Threatened Imran Khan To Take The Supreme Court Again

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان کا کیلی فورنیا کیس سپریم کورٹ لے جانے کی دھمکی دیدی اور کہا کہ سیاست دان کو گالی کے جواب میں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حنیف عباسی نے کہا کہ کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ گندی زبان بند کریں اور ہوش کے ناخن لیں ،وہ تو جوئے کی رقم سے پارٹی کی بنیاد رکھنے کا اعتراف بھی کرچکے ہیں ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ کیلیفورنیا کیس کی تصدیق شدہ کاپیاں میرے پاس موجود ہیں ،پھر پتا چلے گا کہ عمران خان کتنا باسٹھ تریسٹھ پر پورا اترتا ہے ۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ہمارے اعتراضات درست تھے ساری چیزیں جہانگیر ترین کورٹ میں قبول کرلی تھیں ،اس کیس پر تفصیلی رد عمل مکمل فیصلہ آنے کے بعد دوں گا ،2018ء میں پی ٹی آئی ملک بھر سے الیکشن ہارے گی ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ پشاور میٹرو 72 ارب کی بنے گی یہ کہتے تھے 9 یا10 ارب میں بنائیں گے،ملک کے سماجی ایشوز کو اجاگر کرنے کے لیے مقابلہ کرو۔

حنیف عباسی نے کہا کہ علیم خان کہتا ہے کہ شہباز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑے گا،کیا پدی کیا پدی کا شوربہ،علیم خان تمہارا مقابلہ شہباز نہیں ان کا کارکن کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر علیم خان کو عمران خان کا دوسرا اے ٹی ایم اور قبضہ گروپ قرار دیا اور کہا کہ جہاز جہانگیر ترین کا تھا تو پیٹرول علیم خان ڈلواتا تھا ۔

حنیف عباسی نے کہا کہ شہبازشریف لاہور کے لوگوں کو سنوارنے والا ہے جبکہ علیم خان نے لوگوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا ہے ،علیم خان کی ہاوسنگ سوسائٹی کا فیصلہ کورٹ سے آنے کے بعد ان لوگوں کا کیا ہوگا، جنہوں نے اس کو پیسے دیئے ہیں ۔

تازہ ترین