• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتوکی : کھیتوں سےایک اور کمسن بچے کی لاش برآمد

Body Of 6th Class Student Found In Pattoki

صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں بھی کھیتوں سے چھٹی جماعت کےایک طالب علم کی لاش ملی ہے۔

اس سے 2روز قبل قصور میں ہی 7 سالہ بچی زینب کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔زینب کے قتل کی لرزہ خیز واردات کے بعد شہر بھر میں احتجاج جاری ہے اور حالات بدستور کشیدہ ہیں جب کہ پنجاب حکومت نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع قصور میں ہی ایک اور کمسن کو قتل کیے جانے کا واقعہ رونما ہوا ہے جہاں تحصیل پتوکی سے چھٹی جماعت کے طالب کی لاش ملی ہے۔

ملنے والی لاش چھٹی جماعت کا طالب علم شرق عرف بوبی کی ہے، جو 3روز قبل اسکول جاتے ہوئے اغوا ہوا تھا، بچے کے اغوا ہونے کی اطلاع اس کے والدین نے جب پولیس کو دی تو پولیس نے رشتے داروں میں تلاش کرنے کا کہا اور کوئی کارروائی نہیں کی۔

بچے کی لاش آج نواحی گاؤں ڈھولن چک نمبر 27 میں کسانوں کو کھیتوں سے ملی، جس کی اطلاع انہوں نے پولیس کو دی، پولیس نے بچے کی لاش تحویل میں لے کر اسے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پتوکی منتقل کردیا ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ بچے کی گردن پر نشانات پائے گئے ہیں، جس سےبچےکو گلا دبا کر قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد واقعہ کی تحقیقات کے لیے پتوکی پہنچ گئے اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک ملزم کیفرکردار تک نہیں پہنچ جاتا وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شرق عرف بوبی کی موت کے بعد ضلع قصور میں ایک سال میں قتل ہونیوالے بچوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے اور پولیس قتل کیے جانے والے کسی بچے کے مجرم کوتا حال نہیں پکڑ سکی ہے۔

 

تازہ ترین