• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: وزیراعلیٰ کا پروٹوکول توڑنے کا الزام، شہری پر جرمانہ

کراچی میں ٹریفک پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا پروٹوکول توڑنے کا الزام لگا کر موٹر سائیکل پر سوار ایک شہری کو ایک ہزار روپیہ جرمانہ کردیا۔

شاہراہ فیصل کے اختتام پر صدر میٹرو پول ہوٹل کے چوراہے پر یہ کارروائی گزشتہ روز کی گئی۔

موٹرسائیکل سوار شہری جس نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور وہ ٹریفک سگنل پر بھی باقاعدہ طور پر رکا ہوا تھا کو فریئر ہال ٹریفک چوکی پر تعنیات پولیس اہلکاروں نے اچانک ٹریفک سے الگ کرلیا اور موٹرسائیکل کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا۔ شہری نے چالان کی وجہ پوچھی تو وی وی آئی پی پروٹوکول توڑنے کا الزام دھر دیا گیا۔

حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی فہرست میں وی آئی پی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر چالان کرنے کا کوئی قانون موجود نہیں لیکن بکری کو ہاتھی بنانے کی ماہر پاکستانی پولیس کے لیے بھلا یہ کوئی مسئلہ تھا۔

اپنے ساتھ مبینہ ناانصافی پر شہری احتجاج بھی کرتا رہا اور تمام کارروائی کی فلم بندی بھی کی۔اس دوران پولیس اہلکار انہیں دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار یہ شہری وزیر اعلیٰ سندھ کے قافلے کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔ قافلے کے پائلٹ پولیس افسر نے شکایت کی ہے کہ اس نوجوان نے وزیر اعلیٰ سندھ کے پروٹوکول کے قافلے میں مبینہ طور پر گھسنے کی کوشش کی۔

اگر یہ واقعی سچ ہے تو شہری کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس کو حرکت میں لایا جانا چاہئے تھا اوراسے حراست میں لے کر اس مبینہ عمل کی تفتیش کی جاتی۔ ٹریفک پولیس سے چالان کروانا سراسر قانون کی خلاف ورزی لگتا ہے۔

تازہ ترین