• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ورلڈکپ 2019، کوالیفائنگ رائونڈمارچ میں شروع ہونگے

World Cup 2019 Qualifiers From March 4th

آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا شیڈول جاری کر دیا ہے، کوالیفائرز میں پہلی بار4 ٹیسٹ ممالک کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی جبکہ زمبابوے کی میزبانی میں ایونٹ کا آغاز 4 مارچ سے ہوگااور ان میں سے 2ٹاپ ٹیمیں انگلینڈ میں اگلے برس شیڈول میگا ایونٹ میں شرکت کا حق حاصل کریں گی۔

گروپ اے میں ویسٹ انڈیز، پاپوانیو گنی، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور آئی سی سی لیگ کی چیمپئن ٹیم شامل ہیںجبکہ گروپ بی میں میزبان زمبابوے، افغانستان، ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ اور آئی سی سی لیگ کی رنرز اپ ٹیمیں شامل ہیں۔

آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کے چند میچز کو انٹرنیشنل درجہ حاصل نہیں ہوگا اس کا مقصد ون ڈے ریکارڈز کا وقار برقرار رکھنا ہے۔

اس فیصلے سے سب سے زیادہ نیدرلینڈز کی ٹیم متاثر ہوگا کیونکہ اس کا انٹرنیشنل اسٹیٹس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد دوبارہ بحال ہوگا۔

2بار کی عالمی ون ڈے چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم 2019 ورلڈ کپ تک رسائی پانےکے لیے زمبابوے، افغانستان اور آئرلینڈ کے علاوہ ایسوسی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ نبرد آزما ہوگی۔

زمبابوے میں 4سے 12 مارچ تک گروپ میچز کھیلے جائیں گے، 15 مارچ سے 23 مارچ تک ورلڈ کپ کوالیفائنگ کا سپر سکس راؤنڈ ہوگا جبکہ فائنل 25 مارچ کو شیڈول ہےاور کوالیفائنگ کی ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ 2019 کھیل سکیں گی۔

ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کہتے ہیں کہ ہمیں شدت سے احساس ہے کہ ورلڈ کپ 2019 کوالیفائنگ رائونڈ کی کیا اہمیت ہے، ہماری کرکٹ ویسے ہی زوال پذیر ہےاور اگر ہم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تو ہمارے ہاں کھیل کا ڈھانچہ بنیاد سے ہل جائے گایہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سرجوڑ کر بیٹھنا اور ٹورنامنٹ میں بہترین نتائج کے لیے پلان تیار کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کھیلا گیا 2014 کوالیفائنگ ٹورنامنٹ اسکاٹ لینڈ نے جیتا تھا، وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، لیکن اس بار ٹیسٹ ٹیموں کی موجودگی میں کوالیفائنگ رائونڈ کا معیار بہت بلند ہوگا اور ایسے میں اسکاٹ لینڈ کے لیے دوبارہ چیمپئن بننا یقیناً بڑا کارنامہ ہوگا۔

 

تازہ ترین