• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنچورین میں کوہلی کی سنچری ، بھارتی ٹیم 307 پر آئوٹ

Centurion Test India Out On 307 Kohli Marathon 153 Runs

ویرات کوہلی کی میراتھن سنچری کی بدولت بھارت اور جنوبی افریقا کا دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

کپتان کوہلی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم ٹوٹل کے نصف رنز اسکور کیے، دیگر بیٹسمین ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں ٹیم 307 پر آئوٹ ہوگئی ۔

بارش اور کم روشنی کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل تھوڑی دیر کے لیے روکا گیا، جس وقت امپائرز نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو جنوبی افریقا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 90 رنز بنالئے تھے۔

اس سے قبل 3 رنز پر ہی 2 وکٹیں کھونے والی ٹیم کو اے بی ڈی ویلئرز کے ناقابل شکست 50 اور ڈین ایلجر کے 36 ناٹ آئوٹ رنز نے سنبھالا دیا اور پھر پروٹیز کو مجموعی برتری 118 رنز کی ہوگئی ۔

قبل ازیں بھارت نے 183 رنز 5 وکٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو 15 رنزبنانے والے پانڈیا کے 209 کے مجموعی اسکور پر رن آئوٹ ہونے کے بعد بھارتی کپتان کی پریشانی دیکھنے لائق تھی۔

ایسے میں روی چندرن ایشون نے جرات مندانہ اننگز کھیل کر ایک طرف جنوبی افریقا کی بڑی برتری حاصل کرنے کے خوابوں کو چکنا چور کیا بلکہ اپنے کپتان ویرا ت کوہلی کو طویل اننگز کھیلنے کو موقع دیا۔

اس دوران کوہلی نے کیریئر کی 21 ویں سنچری مکمل کی، انہوں نے ایشون کے ساتھ 71 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ ایشون 38 رنز بناکر فلینڈر کا شکار بنے اور اس کے بعد بھارتی اننگز 307 رنز پر سمٹ گئی ۔

153 رنز بناکر جنوبی افریقا کے بولرز کا کڑا امتحان لینے والے ویرات کوہلی آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے،پروٹیز کے مورنے مورکل نے 60 رنز دیکر 4 کھلاڑی آئوٹ کیےاور ٹیم کے لیے 28 رنز کی سبقت بھی حاصل کی ۔

واضح رہے کہ کوہلی بطور کپتان جنوبی افریقا میں سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بھارتی ہیں اور اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے آخری مرتبہ 1997 میں بطور کپتان سنچری اسکور کی تھی ۔

تازہ ترین