• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ، بھکاریوں کے بھی مزے آگئے، ماہانہ آمدنی81لاکھ ہوگئی

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں بھکاریوں کے مزے آگئے۔ ان کی ماہانہ ’آمدنی‘ 2لاکھ 70ہزار درہم یعنی اگر درہم 30روپے کا بھی لگایا جائے تو 81لاکھ روپے ہوگئی ہے۔

اس کا انکشاف عرب میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیاء کے غریب ممالک سے بھکاری 3 ماہ کے ویزے پر یہاں آتے ہیں اور اسی تین ماہ میں کروڑوں روپے جمع کرلیتے ہیں۔ یہ ایک ماہ میں کئی کئی ہزار درہم تک کمالیتے ہیں۔

دبئی کے بھکاری بہت ہوشیاری سے اپنا کام کرتے ہیں انہیں ایسے لوگوں کی تلاش رہتی ہے جو ظاہری طور پر بہت امیر دکھائی دیتے ہیں۔ وہ اپنے اہلِ خانہ کو فٹ پاتھ کے کنارے بٹھاتے ہیں تاکہ ہمدردی حاصل کی جاسکے ۔

اصل معاملہ اس وقت شروع ہوتا ہے جب وہ مناسب رقم نکلوالیتے ہیں اور بسا اوقات 10 درہم دینے والے سے 100 درہم لے اڑتے ہیںاور کبھی کبھی یہ 1000 درہم تک مانگ لیتے ہیں۔

جب ان بھکاریوں کے خلاف آپریشن کیا تو معلوم ہوا کہ یہ لوگ دبئی کے مہنگے ترین علاقوں میں رہتے ہیں اور سیاحتی ویزا پر آنے کے باوجود تین ماہ کے اندر کروڑوں کی رقم بنالیتے ہیں۔ جمعے کے روز یہ مساجد کے باہر کھڑے ہوجاتے ہیں اور اس روز سب سے زیادہ کماتے ہیں۔

سال 2017ء کے رمضان کے صرف چند دنوں میں 65 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا تاہم اب بھی بھکاریوں کی تلاش اور شناخت پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے۔

 

تازہ ترین